عیدالاضحی سے انسانیت کو جذبہ ایثار قربانی کا درس

   

تلنگانہ کی مسلم برادری کو گورنر نرسمہن اور چیف منسٹر کے سی آر کی دلی مبارکباد
حیدرآباد۔ 11 اگست (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست کی مسلم برادری کو عیدالاضحی کی مبارکباد دی ہے۔ گورنر نرسمہن نے اپنے ایک سرکاری اعلامیہ میں کہا کہ ’بقرعید (عیدالاضحی) کے پُرخلوص مبارک موقع پر اس ریاست میں اپنی تمام مسلم برادری کو دلی مبارکباد کے ساتھ اور نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ اسلامی اعتقاد میں عید قربان کو غیرمعمولی طور پر نمایاں اہمیت حاصل ہے اور بصد عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بقرعید دراصل خدا بزرگ و برتر کے حضور میں مکمل سپردگی، غریبوں کیلئے ہمدردی و صلہ رحمی اور عام زندگی میں جذبہ ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے۔ یہ عید ایک دوسرے کی مدد اور سہارا بننے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ گورنر نرسمہن نے کہا کہ اس جذبہ ایثار و قربانی اور خیرسگالی کو فروغ دیا جانا چاہئے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے پیغام میں یہ عملی جذبہ ایثار و قربانی کی عید ہے جو ہر کسی کو پیغمبر اسلام کی اعلیٰ و ارفع تعلیمات کی یاد تازہ کرتے ہوئے انسانی برادری کو رواداری، صلہ رحمی و ایثار و قربانی کے جذبہ سے سرشار کرتی ہے۔