عیسیٰ میاں بازار میں مسلم افراد پر آہنی سلاخوں سے حملہ

   

سڑک حادثہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش، مقدمات درج

حیدرآباد۔/14 ستمبر ( سیاست نیوز) سڑک حادثہ کو فرقہ وارانہ رنگ دیتے ہوئے اشرار نے مسلم طبقہ کے تین افراد کو کاچی گوڑہ کے علاقہ عیسیٰ میاں بازار میں حملہ کرکے زخمی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ممتاز کالونی سعید آباد کے ساکن محمد ایوب جو چراغ علی لین میں موبائیل فون کی شاپ چلاتے ہیں کا بیٹا عبداللہ رات دکان بند کرنے کے بعد بلٹ گاڑی پر اپنے دوست عبدالرحمان کے ہمراہ مکان واپس ہو رہا تھا کہ وہ عیسیٰ میاں بازار موتی مارکٹ کے قریب حادثہ کا شکار ہوگیا۔ اس حادثہ کو لیکر تقریباً 10 افراد جو گنیش پنڈال کے پاس موجود تھے عبداللہ کو زدوکوب کرنا شروع کردیا جس کے نتیجہ میں محمد ایوب اور ان کے رشتہ دار سعید اور ابراہیم بھی اپنے بیٹے کی مدد کیلئے وہاں پہنچ گئے۔ اشرار نے مبینہ طور پر ان پر آہنی سلاخوں سے حملہ کرتے ہوئے شدید زخمی کردیا جس کے نتیجہ میں زخمی ایوب اور دیگر کو گاندھی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے جبکہ پولیس نے جے ونود راج ساکن عیسیٰ میاں بازار کی شکایت پر محمد ایوب اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ شکایت میں بتایا گیا ہے کہ کل رات ساڑھے گیارہ بجے دو نوجوان تیز رفتاری سے گاڑی چلارہے تھے جس کے نتیجہ میں دونوں گروپوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی اور جھگڑا ہوا۔ پولیس نے دو علحدہ مقدمات کی تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔B