غوث عالم ‘ بیسٹ آئی پی ایس پروبیشنر

,

   

پرائم منسٹر بیٹن اور ہوم منسٹر ریوالور سے سرفراز کئے جائینگے
حیدرآباد/22 اگسٹ، ( سیاست نیوز) نیشنل پولیس اکیڈیمی میں کڑی ٹریننگ میں عمدہ مظاہرہ کرنے والے عہدیدار غوث عالم بیسٹ آل راؤنڈ آئی پی ایس پروبیشنر منتخب ہوئے اور انہیں وزیر داخلہ امیت شاہ ‘ باوقار پرائم منسٹر بیٹن اور ہوم منسٹر ریوالور سے نوازیں گے۔ غوث عالم نے ’سیاست نیوز ‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق بہار کے شہر گیا سے ہے ۔ ان کا یہ خواب تھا کہ وہ پولیس سرویس میں شمولیت اختیار کریں اور کڑی محنت و لگن کے نتیجہ میں یہ خواب پورا ہوا ہے۔ غوث عالم نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ بیسٹ آل راؤنڈر آئی پی ایس پروبیشنر منتخب ہوئے اور انہیں باوقار میڈلس اور ٹرافی سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسے کئی نوجوان ہیں جو آئی پی ایس بننے کا خواب رکھتے ہیں لیکن چند وجوہات کے سبب وہ راستہ میں ارادہ ترک کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کٹھن امتحان میں کامیابی حاصل کرنے منصوبہ بند طریقہ سے تیاری لازمی ہے اور کڑی محنت و لگن سے پولیس سرویس میں شامل ہوسکتے ہیں۔ انہیں تلنگانہ کیڈر ملنے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ حیدرآباد جو ملک کا تاریخی شہر ہے میں مستقل میں خدمات کا موقع ملیگا۔ غوث عالم نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ یو پی ایس سی کیلئے پرجوش تیاری کریں اور کسی بھی مشکل یا پریشانی کا سامنا کرنے پر بھی وہ اپنا ارادہ ترک نہ کریں۔