فائیو اسٹار ہوٹلوں میں عام غذائی اشیاء کی بے تحاشہ قیمتیں

,

   

دو موز کی قیمت 442 اور دو ابلے انڈے کی قیمت 1700 روپئے
وضاحت طلب کرنے پاسوان کا اعلان

نئی دہلی 13 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اغذیہ و اُمور صارفین رام ولاس پاسوان نے منگل کو کہاکہ فائیو اسٹار ہوٹلوں میں انڈے اور موز جیسی غذائی اشیاء پر ضرورت سے زیادہ قیمت کی وصولی غیر منصفانہ تجارتی عمل ہے اور حکومت اس ضمن میں وضاحت طلب کرے گی۔ وزیر اغذیہ نے زور دے کر کہاکہ اس قسم کے واقعات سے نمٹنے کے لئے صارفین کے تحفظ کے لئے حال ہی میں وضع کردہ قانون کے تحت مروجہ قواعد و ضوابط کے مطابق ان ہوٹلوں سے اس ضمن میں وضاحت طلب کی جائے گی۔ پاسوان سوشیل میڈیا پر تیزی سے گشت کرنے والی ایک ویڈیو کا تذکرہ کررہے تھے جس میں بالی ووڈ اداکار راہول بس کو چندی گڑھ کی فائیو اسٹار ہوٹل جے ڈبلیو میریٹ میں صرف دو موز کے لئے 442 روپئے کا بل دیئے جانے پر شکایت کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ علاوہ ازیں ایک دوسری فائیو اسٹار ہوٹل میں صرف دو ابلے انڈوں کی قیمت 1700 روپئے وصول کئے جانے کی شکایت کی گئی تھی۔ پاسوان نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ ’سوشیل میڈیا اور میڈیا پر ایسی شکایات اور اطلاعات ہیں کہ چند فائیو اسٹار ہوٹلوں میں موز اور انڈے جیسی اشیاء پر ضرورت سے زیادہ بل وصول کئے جارہے ہیں۔ یہ ایک سنگین اور بدبختانہ معاملہ ہے‘۔ وزیر اغذیہ نے اس بات پر حیرت اہر کی کہ فائیو اسٹار ہوٹل آیا کس طرح دو ابلے انڈوں کے لئے 1700 روپئے اور دو موز کے لئے 442 روپئے وصول کرسکتی ہے

جبکہ یہ دونوں اشیاء کھلے بازار میں انتہائی سستی قیمت پر فروخت ہوتے ہیں۔ پاسوان نے کہاکہ ’یہ (ہوٹلیں) اپنی طرف سے پیشکش خدمات پر کتنا چارج کریں گی‘۔ پاسوان نے کہاکہ ان کا محکمہ اب ان متعلقہ ہوٹلوں سے وضاحت طلب کرے گا کہ آیا کس بنیاد پر اُنھوں نے اس قدر بھاری قیمت لگائی ہے۔ وزیر اغذیہ نے کہاکہ ’ہم دوہری ایم آر پی (اعظم ترین رٹیل قیمت) کی اجازت نہیں دیں گے‘۔ حکومت اس قسم کے عمل کو روکنے کے لئے پارلیمنٹ میں حالیہ منظورہ قانون تحفظ صارفین کے قواعد کے مطابق کارروائی کرے گی۔ وزیر اغذیہ کی پریس کانفرنس کے بعد معتمد اُمور صارفین اویناش سریواستو نے کہاکہ یہ غیر منصفانہ تجارتی عمل ہے۔ وزیر اغذیہ کی ہدایت کے مطابق ہم اس مسئلہ پر متعلقہ ہوٹلوں سے وضاحت طلب کریں گے۔ اس دوران فیڈریشن آف ہوٹل اینڈ ریسٹورینٹس اسوسی ایشن آف انڈیا (ایف ایچ آر اے آئی) نے جے ڈبلیو میریٹ چندی گڑھ کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہاکہ اس ہوٹل نے کوئی غلطی نہیں کی ہے اور 18 فیصد جی ایس ٹی عائد کی ہے۔