فرقہ پرست طاقتوں کو انتخابات میں شکست دینے دانشوروں کی عوام سے اپیل

   

نئی دہلی: ملک کے سو سے زیادہ ادیبوں ، دانشوروں اور ثقافتی کارکنوں نے بہار اسمبلی انتخابات میں فرقہ پرست اور عوام دشمن طاقتوں کو شکست دے کر جمہوری اور سیکولر طاقتوں کی حمایت کرنے کی عوام سے اپیل کی ہے ۔ پیپلز رائٹرز ایسوسی ایشن ، پروگریسو رائٹرز ایسوسی ایشن اور جن سنسکرتی منچ سمیت کئی تنظیموں سے وابستہ لوگوں نے یہ اپیل کی ہے ۔اپیل کرنے والوں میں تجربہ کار مصنف وشوناتھ ترپاٹھی ، ہندی کے مشہور شاعر اور ثقافتی کارکن اشوک واجپئی ، ‘پہل پترکا’ کے ایڈیٹر گیان رنجن ، پیپلز رائٹرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری مرلی منوہر پرساد سنگھ ، جن سنسکرتی منچ کے نائب صدر اور شاعر منگلیش ڈبرال ، پروگریسوایسوسی ایشن کے وریندر یادو ، انگریزی کے مشہور شاعر اور ساہتیہ اکیڈمی کے سابق سکریٹری سچیدا نند اور بھارتیہ گیان پیٹھ کے ڈائریکٹر مدھوسودن آنند ، انگریزی کے معروف شاعر کے کی دارو والا ، پریم چند کے پوتے اور انگریزی کے مصنف آلوک رائے ، گیتا ہری ہرن سمیت کئی مصنفین اور ثقافتی کارکن شامل ہیں ۔ ان دانشوروں نے آج یہاں جاری ایک ریلیز میں کہا ‘‘ اس وقت ملک آزادی کے بعد کے سب سے مشکل اور تاریک دور سے گذر رہا ہے ، جمہوریت کا لباس زیب تن کر کے قرقہ پرست اور عوام دشمن طاقتیں ہمارے سیکولر ڈھانچے کو نیست و نابود کر کے ہمارے غریب سادہ لوح لوگوں کے لئے بحران پیدا کر رہی ہیں ۔ انہوں نے ملک کو جھوٹ ، استحصال ، تشدد اور معاشی تباہی کے ‘چکر ویو’ میں ڈال دیا ہے ۔
ں