فضائی حملہ میں کوئی دہشت گرد نہیں مارا گیا، بی جے پی لیڈ ر کا اعتراف

   

نئی دہلی ۔5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پلوامہ میں دہشت گردوںکے خلاف کئے گئے حملے کے بعد ہندوستانی میڈیا کی جانب سے کئے گئے دعووںکے بعد کہ،اس فضائی کاررائی میں 300تا350دہشتگرد ہلاک کئے گئے ہیں، ملک کی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پرزور مطالبہ کیا جارہا تھا کہ اگر پاکستان میں کارروائی کے دوران 300 دہشت گرد مارے گئے ہیں تو اس کے ثبوت کہاں ہیں، کارروائی کی ویڈیو یا تصاویر کیوں جاری نہیں کی جارہیں۔ تاہم اسی دوران مرکزی وزیر ایس ایس اہلووالیہ نے تسلیم کیا ہے کہ بالاکوٹ میں ہندوستانی فضائیہ کی کارروائی محض وارننگ تھی ،جس کا مقصد یہ دکھا نا تھا کہ ہم ایسا کرسکتے ہیں،نہ کہ اس کامقصد کسی کو ہلاک کرناتھا؟انہوں نے واضح طور پر تسلیم کیا کہ اس حملے میں کسی دہشت گرد کی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔مسٹر اہلوالیہ نے گو دی میڈیا کا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب کرتے ہوئے سوال کیا کہ، کیا نریندر مودی نے 300افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا؟ یا کیا بی جے پی کے ترجمان نے ایسا کچھ کہا ہے؟بی جے پی قائدنے کہا کہ ،میڈیا میں 300 اور350 دہشت گردوںکو ہلاک کردئے جا نے کی خبریں چلائی جارہی ہیں،جبکہ ایسا کوئی دعوی حکومت کی جانب سے کیا ہی نہیں گیا ہے،تو پھر یہ اعدادوشمار آیا کہاں سے؟واضح رہے کہ اس معاملے پرگذشتہ دنوںکانگریس قائد پی چدمبرم نے بھی کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کے وائس ایر مارشل نے مرنے والوں کی تعداد کے بارے میں تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئی شہری یا فوجی ہلاک نہیں ہوا ہے تو مرنے والوں کی تعداد 300-350 کس نے بتائی؟ چدمبرم نے کہا’’ ایک ہندوستانی شہری کے ناطے میں اپنی حکومت پر بھروسہ کرنے کے لئے تیار ہوں لیکن اگر ہم یہ چاہتے ہیں کہ دنیا کو بھی بھروسہ ہوتو حکومت کو اپوزیشن کی نکتہ چینی کرنے کے بجائے اس کے لئے کوشش کرنی چاہئے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ این ڈی کی حلیف شیو سینا نے بھی کہا ہے کہ ہندوستانی شہریوں کو پاکستان میں جیش محمد کے ٹھکانوں پر ہوئے ہوائی حملے میں مارے گئے لوگوں کے بارے جاننے کا حق ہے،

اور اس طرح کی جانکاری عام کرنے سے فوج کا حوصلہ کم نہیں ہوگا۔ شیو سینا نے اپنے اتحادی پارٹی بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پارٹی کے ترجمان’’ سامنا ‘‘کے اداریہ میں کہا ہے کہ ہوائی حملے بر بحث آئندہ لوک سبھا انتخاب تک جاری رہے گی۔اداریہ میں شیو سینا نے مزید کہا کہ 14 فروری کو پلواما حملے سے قبل اپوزیشن کے ذریعے اٹھائے گئے اہم ایشوز اب ٹھنڈے بستے میں چلے گئے ہیں۔ شیو سینا نے کہا کہ ، ملک کے شہریوں کو یہ جاننے کا حق ہے کہ ہماری فوج نے دشمن کو کتنا اور کس طرح کا نقصان پہنچایا ہے۔ ہمیں نہیں لگتا کہ یہ پوچھنے سے ہماری فوج کا حوصلہ پست ہوجائے گا۔ان کا یہ بیان اس پس منظر میں اہم ہے کہ ہندوستانی میڈیا میں یہ بتایا جا رہا ہے کہ اس کارروائی میں 350 مارے گئے۔ خود خارجہ سیکریٹری وجے گوکھلے نے بالاکوٹ کے واقعے کے بعد پہلی نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ بالا کوٹ کے جیش محمد کے ٹریننگ کیمپ پر اس حملے میں بڑی تعداد میں جیش کے سینیئر کمانڈر، ٹرینرز اور فدائین مارے گئے ہیں۔حتی کہ حکمراں جماعت بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے کل ایک تقریر میں کہا تھا کہ فضائی کارروائی میں250 سے زیادہ دہشت گرد مارے گئے۔