معروف اداکار عرفان خان کا انتقال

,

   

ممبئی، 28؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اپنی اداکاری سے سب کو متاثر کرنے والے معروف فلم اسٹار عرفان خان آج چہارشنبہ کو بہ عمر 54 سال انتقال کر گئے ۔ انھوں نے ممبئی کے کوکیلابین اسپتال میں آخری سانس لی۔ اُن کا پورا نام صاحبزادہ عرفان علی خان تھا۔ وہ کافی عرصے سے علیل تھے ۔ایسے فن کار جو اپنی اداکاری میں منجھے ہوئے تھے، اُن کی اچانک موت کے باعث ہندی فلمی دنیا دکھی ہے اورغم کا ماحول ہے ۔ اسپتال کے بیان کے مطابق عرفان خان پیٹ کی تکلیف سے دوچار تھے ، وہ شدید نوعیت کے انفیکشن میں مبتلا تھے۔ فلم ڈائریکٹر شجیت سرکار نے سب سے پہلے عرفان خان کی موت کے بارے میں آگاہ کیا ، جس کے بعد اسپتال سے بیان جاری کیا گیا۔ انھوں نے اپنی ہم جماعت سوتپا سکندر سے فبروری1995 ء میں شادی کی تھی۔ عرفان خان کی والدہ کا چند روز قبل جئے پور میں انتقال ہوگیا تھا ، لیکن اُن کی ناسازی طبیعت اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ والدہ کی تجہیز و تکفین میں شریک نہیں ہوسکے تھے ۔ عرفان خان کی موت پرنہ صرف بالی ووڈ بلکہ قومی قائدین بشمول صدر رامناتھ کووند، وزیراعظم نریندر مودی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ سنئیر اداکارامیتابھ بچن کے علاوہ ساوتھ سے مہیش بابو، پرکاش راج و دیگر نے خراج عقیدت پیش کیا۔ مہاراشٹرا کے چیف منسٹرادھو ٹھاکرے، اُن کے نائب اجیت پوار اور دیگر قائدین و فلم اسٹارس نیز سماجی شخصیتوں نے بھی عرفان خان کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ نیشنل اسکول آف ڈرامہ کے ڈائرکٹر سریش شرما نے بھی دکھ کا اظہار کیا۔ عرفان کو دو سال قبل مارچ 2018 میں نیورو اینڈوکرائن ٹیومر نامی بیماری کا پتہ چلا تھا۔ وہ بیرون ملک اس بیماری کا علاج کروا کر ٹھیک ہوکر آگئے تھے ۔ ہندوستان واپس آنے کے بعد عرفان نے فلم انگلش میڈیم میں کام کیا۔ کون جانتا تھا کہ یہ فلم عرفان کی زندگی کی آخری فلم ثابت ہوگی۔ عرفان خان نے اپنے کیریئر کا آغاز ٹیلی ویژن سے کیا تھا ، جس کے بعد وہ فلموں میں نظر آئے ۔ ہار ، حیدر ، انگلش میڈیم ، ہندی میڈیم ، پان سنگھ تومر جیسی فلموں میں عرفان خان نے عمدہ اداکاری کی اور اپنے فن کے جوہر دکھائے۔ 1998ء میں فلم ’سلام بمبئی‘سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے اداکار نے یہ نہیں سوچا تھا کہ وہ اپنی اداکاری کو بھی ہالی ووڈ کا دیوانہ بنا دیں گے ۔

فلمسٹار عرفان خان کے انتقال پر مختلف قائدین کا اظہار ِ رنج
نئی دہلی۔29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)کانگریس قائد راہول گاندھی نے معروف اداکار عرفان خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ راہول نے ٹوئٹ کرکے کہاکہ عرفان خان کے انتقال کی خبر سن کر دکھ ہوا۔ بے شمار صلاحیتوں کے مالک وہ عظیم اداکار عالمی فلمی اور ٹی وی دنیا میں نہایت مقبول ہندوستانی برانڈ ایمبیسڈر تھے ۔ ان کو کبھی بھولا نہیں جاسکے گا۔ دکھ کی اس گھڑی میں ان کے گھر والوں، دوستوں اور مداحوں کے ساتھ مَیں اپنی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔اداکار عرفان خان کو کینسر تھا اور انہوں نے کئی سیریلوں اور کئی فلموں میں کام کیا تھا۔ 54سالہ عرفان کا چہارشنبہ کو ممبئی کے ایک دواخانہ میں انتقال ہوگیا۔کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی عرفان خان کو بے مثال اداکار قرار دیتے ہوئے ان کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ ان کی ادکاری نے زبانوں، ممالک اور مذہبوں کی سرحدوں کو توڑتے ہوئے اداکار ی کا ایک ایسا انداز بنایا جس نے فن کے ذریعہ پوری انسانیت کو متحد کیا۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے بالی ووڈ اداکار عرفان خان کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اداکاری ہمیشہ موجب متحرک رہے گی اوراپنی لاجواب اداکاری سے کروڑوں لوگوں کے چہیتے بننے والے عرفان خان کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ کجریوال نے عرفان خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئیٹ کیا، ہمارے وقت کے غیر معمولی اداکاروں میں سے ایک عرفان خان کے انتقال کے بارے میں سن کر صدمے میں ہوں۔

گہلوت نے عرفان خان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا
جے پور۔29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت نے معروف اداکار عرفان خان کے اچانک انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ گہلوت نے سوشل میڈیا کے ذریعہ گہرا دکھ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے بہترین اداکاروں میں سے ایک خان کے اچانک انتقال کے بارے میں معلوم ہونے سے دکھی اور غمزدہ ہوں۔ انہوں نے عرفان خاں کے ارکان خاندان، دوستوں اور مداحوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے خدا سے انہیں اس دکھ کو برداشت کرنے کی طاقت دینے اورمرحوم کی روح کو سکون دینے کی دعا کی۔انہوں نے کہاکہ عرفان خان راجستھان کے سب سے باصلاحیت اداکاروں میں سے ایک تھے ، جو اپنی اداکاری کے دم پر اونچائیوں تک پہنچے ۔ وہ ہمیشہ تھیٹر اداکاروں اور ابھرتے ہوئے اداکاروں کے لئے ترغیب کا ذریعہ بنے رہیں گے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی نائب صدر اور سابق وزیراعلی وسندھرا راجے نے بھی مسٹر عرفان خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔