فوجی حکمرانوں کو قبول کرنے سوڈان کی عالمی برادری سے اپیل

   

خرطوم 14 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام )سوڈان کی وزارت خارجہ نے آج بین الاقوامی برادری سے خواہش کی ہے کہ ملک کے نئے فوجی حکمرانوں کی تائید کی جائے تاکہ جمہوری منتقلی میں مدد مل سکے ۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ وزارت خارجہ بین الاقوامی برادری سے امید کرتی ہے کہ وہ صورتحال کو سمجھے گی تاکہ عبوری فوجی کونسل کی مدد ہوسکے تاکہ یہاں جمہوریت کی سمت منتقلی کے سوڈانی عزم کی تکمیل ہوسکے ۔ فوج نے جمعرات 11 اپریل کو جو اقدامات کئے اور آزادی ‘ امن اور انصاف کی خاطر عوام کے حق میں خود کو پیش کیا اس کے ذریعہ ملک میں طویل عرصہ سے حکومت کرنے والے لیڈر عمر البشیر کو اقتدار سے بیدخل کردیا گیا تھا ۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف آف ملٹری کونسل عبدالفتاح البرہان ملک میں مکمل سیویلین حکومت کے قیام کے پابند ہیں اور وہ اس بات میں یقین رکھتے ہیں کہ فوجی کونسل کا رول صرف ملک کی سالمیت کو برقرار رکھنے تک محدود ہونا چاہئے ۔ برہان ملک میں آزاد عدلیہ کے بھی حامی ہیں اور وہ سیاسی جماعتوں اور سیول سوسائیٹی کو فروغ دینے کیلئے ماحول تیار کرنے کے خواہشمند ہیں تاکہ وہاں پرامن طریقہ سے اقتدار کی منتقلی عمل میں آسکے ۔ البرہان نے اپنے پیشرو کے استعفی پیش کردینے کے بعد ملٹری کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے حلف لیا ہے ۔ سوڈان میں اقتدار کی منتقلی پر عوام جشن منا رہے ہیں۔