قومی سیاسی منظر نامہ تبدیل ہونے کے بعد چیف منسٹر فکرمند

,

   

پارٹی قائدین عوامی ناراضگی کو دور کرنے کیلئے 20 جولائی کے بعد اضلاع کے دورے کرنے کی منصوبہ بندی
ارکان اسمبلی سے ملاقات، نئے پینشن، نئے راشن کارڈس ، ڈبل بیڈروم مکانات کے تقسیم کے پروگرامس

حیدرآباد ۔ 5 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے ملک کی تازہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر تلنگانہ میں اپنی سیاسی پکڑ کو مضبوط بنانے عوام میں ناراضگی اور پارٹی قائدین کے اختلافات کو دور کرنے 20 جولائی کے بعد ریاست کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ چیف منسٹر کے سی آر نے شہر میں موجودہ وزراء اور پارٹی کے دوسرے سینئر قائدین کا پرگتی بھون میں اجلاس طلب کرکے ٹی آر ایس کو قومی پارٹی بی آر ایس میں تبدیل کرنے کا اشارہ دیا تھا ۔ چیف منسٹر کے سی آر اور ورکنگ صدر کے ٹی آر نے سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا مگر پارٹی قائدین کی جانب سے اس کی تشہیر کرائی گئی ۔ پارٹی قائدین نے کہا تھا کہ بی آر ایس ہی ملک میں بی جے پی کی متبادل ہوگی ۔ چند دن قومی جماعت کے نام پر ہلچل پیدا کرنے کے بعد اب اس کی سرگرمیاں صفر ہوگئی ہیں ۔ ملک میں صدارتی انتخابات کی سرگرمیاں شروع ہوئی اور ساتھ ہی مہاراشٹرا حکومت کے زوال کے بعد قومی سطح پر سیاسی منظر تبدیل ہوگیا ہے ۔ شیوسینا کے باغی ارکان اسمبلی نے سابق چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کا موقع نہ ملنے کی شکایت کی ہے ۔ ٹی آر ایس ارکان اسمبلی اور وزراء کو بھی شکایت ہے کہ وہ چیف منسٹر کے سی آر سے بہ آسانی ملاقات نہیں کرسکتے جس سے پارٹی کے کئی ارکان اسمبلی ناراض ہیں اور چند ارکان اسمبلی و پارٹی کے دیگر قائدین کانگریس اور بی جے پی سے رابطہ میں ہونے کی اطلاعات ہیں اور وہ پارٹی وفاداری تبدیل کرنے پر غور کر رہے ہیں، اس کے علاوہ انتخابی حکمت عملی ساز پرشانت کشور نے بھی ریاست میں سروے کر کے جو رپورٹ پیش کی ہے اس میں تقریباً 40 ارکان اسمبلی کی کارکردگی مایوس کن رہنے اور فلاحی اسکیمات پر مناسب عمل آوری نہ ہونے سے عوام میں حکومت کے خلاف ناراضگی سے واقف کرایا ہے اور بتایا کہ انتخابات میں اس پارٹی کے 3 تا 5 فیصد ووٹوں کو نقصان پہنچے گا ۔ عوامی ناراضگی اور پا رٹی قائدین کے اختلافات اور گروپ بندیوں کو دور کرنے چیف منسٹر کے سی آر نے اضلاع کے دورے ، ارکان اسمبلی کے علاوہ پارٹی کے تمام اہم قائدین سے اضلاع پہنچ کر ملاقات کرنے چند قائدین کو پرگتی بھون یا فارم ہاؤز طلب کر کے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ساتھ ہی ڈبل بیڈروم مکانات کی تقسیم ، جن کے پاس اراصیات ہیں انہیں 3 لاکھ روپئے معاوضہ فراہم کرنے کی اسکیم کا آغاز کرنے اس کے علاوہ 2018 ء کے اہم انتخابی وعدے 57 سال عمر مکمل کرنے والے افراد کو وظیفہ منظور کرنے اور نئے راشن کارڈس جاری کرنے کے اقدامات کا آ غاز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پار ٹی میں قائدین کے درمیان جو اختلافات ہیں ، اس کو خوش اسلوبی کے ساتھ دور کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ جن قائدین کے پارٹی چھوڑنے سے کامیابی پر اثرات پڑنے کے امکانات ہیں، انہیں سمجھا بجھاکر پارٹی میں برقرار رکھنے کے اقدامات کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ فی الحال چیف منسٹر کے سی آر قومی سیاست میں سرگرم رول ادا کرنے کے بجائے تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی پوزیشن کو مستحکم کرنے پر ساری توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ پہلے گھر کی حالت سدھارنے کے بعد قومی سیاست پر توجہ دینے پر غور کر رہے ہیں ۔ حیدرآباد میں بی جے پی قومی عاملہ کا اجلاس منعقد ہونے کے بعد تلنگانہ بی جے پی قائدین کے حوصلے بلند ہوئے ہیںاور بی جے پی کی قومی قیادت نے حصول اقتدار کیلئے تلنگانہ پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا ۔ اس لئے کے سی آر تلنگانہ میں تیسری مرتبہ اقتدار حاصل کرنے حکمت عملی اور پرشانت کشور کی رپورٹ میں عمل آوری کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ن