لاک ڈاون کی کامیابی میں مسلمانوں کا بھرپور تعاون

,

   

عید کے موقع پر بھی لاک ڈاون پر عمل آوری ضروری ۔ جناب محمد محمود علی کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد 22 مئی ( پریس نوٹ ) ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج اپنے دفتر میں عید الفطر کے انتظامات پر اعلی سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں محکمہ داخلہ کے سکریٹری روی گپتا ، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مہیندر ریڈی ، پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار کے علاوہ سائبر آباد و رچہ کونڈہ کے کمشنران وی سی سجنار اور مہیش بھگوت شریک تھے ۔ وزیر داخلہ نے پہلے لاک ڈاؤن کے متعلق جائزہ حاصل کیا ۔ انہوں نے آفیسروں کو ہدایات جاری کیں کہ ریاست میں لا اینڈ آرڈر پر کڑی نظر رکھے اور امن و سکون کو برقرار رکھے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عیدالفطر مسلمانوں کی بہت بڑی عید ہے ۔ ہمیں یقیناً افسوس ہے کہ رمضان المبارک جیسا مقدس و متبرک مہینہ کووڈ 19 کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں گذرا ، مسلمان بھائیوں نے ریاست بھر میں اس سلسلے میں حکومت تلنگانہ کا بھرپور تعاون کیا جو قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر بھی اس پر عمل کرنا ہم سب کیلئے ضروری ہے ۔ ورنہ اس کا خمیازہ تمام لوگوں کو بھگتنا پڑے گا ۔ محمد محمود علی نے کہا کہ تمام مسلمان بھائی مفتیان عظام اور علمائے کرام کی درخواستوں پر عمل کرتے ہوئے عیدالفطر کی نماز اپنے گھروں میں ادا کریں ۔ عیدین کے موقع پر ہمارا معمول یہ ہوتا ہے کہ نماز کے بعد مصافحہ و معانقہ کیا جاتا ہے ۔ مگر حالات حاضرہ کو دیکھتے ہوئے اس سے گریز کرنا ہم سبھی کیلئے ضروری ہے ۔

وزیر داخلہ نے خواتین اور ماں بہنوں سے بھی گذارش کی ہے کہ وہ بھی اپنے رشتہ داروں سے مصافحہ و معانقہ سے پرہیز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ کی قیادت میں کووڈ 19 کو کنٹرول کرنے میں کامیابی کی سمت گامزن ہے ۔ محمد محمود علی نے سبھی مسلمانوں سے گذارش کی ہے کہ وہ عیدافطر کے موقع پر لاک ڈاؤن کے قوانین کی پابندی کریں ۔ اس مخصوص دن میں نرمی عام دنوں کی طرح صبح 7 بجے سے شام 7 بجے تک ہی رہیگی ۔ اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔ لہذا تمام لوگ اوقات کی پابندی کریں اور شام میں سات بجے سے قبل اپنے گھروں کو لوٹ جائیں ۔ انہوں نے تلنگانہ کے تمام لوگوں کو عیدالفطر کی مبارکبادی پیش کی ہے۔