لندن کے وکٹوریہ میوزیم میں سینکڑوں افراد کیلئے اوپن افطار کا اہتمام

   

لندن کے وکٹوریہ اینڈ البرٹ میوزیم میں ’اوپن افطار‘ کی تقریب میں 500 سے زائد افراد نے شرکت کی۔عرب نیوز کے مطابق جمعہ کو ’رمضان ٹینٹ پراجیکٹ‘ نامی خیراتی ادارے نے وکٹوریا میوزیم میں روزہ داروں کے لیے ’اوپن افطار‘ پروگرام کا انعقاد کیا۔ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کا رمضان ’رمضان ٹینٹ پراجیکٹ‘ اور اس کے ’اوپن افطار پروگرام‘ کا 10 واں کامیاب سال ہے۔’گذشتہ نو سالوں کے دوران گرین بیلٹ کے ٹکڑے پر منعقد ہونے والا ہمارا افطار اتنا ترقی کر گیا ہے کہ اب اس کا انعقاد تاریخی جگہوں پر ہوتا ہے۔‘تنظیم کے مطابق افطار کے اس طرح کے پروگرامات رواں سال شیکسپئر گلوب تھیٹر، ویمبلی سٹیڈیم، چیلسی کے سٹینفررڈ برج سٹیڈیم اور رائل البرٹ ہال میں منعقد ہوں گے۔
’گذشتہ دہائی میں ہم نے مختلف پس منظر رکھنے والے پانچ لاکھ سے زائد لوگوں سے رابطہ کیا اور ان کو جمع کیا۔‘2013 کے بعد سے’رمضان ٹینٹ پراجیکٹ‘ نے برطانیہ بھر میں پانچ لاکھ سے زائد لوگوں کی ملک کے مختلف ثقافتی عمارات بشمول ٹریفالگر سکوائر، بالٹک میوزیم اور بریڈفورڈ کے سینٹینری سکوائر میں میزبانی کی ہے۔