لنگرحوض علاقہ میں المناک سڑک حادثہ

   

خانگی بینک کے دو ملازمین برسرموقع ہلاک

حیدرآباد۔ 3 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد کے علاقہ لنگر حوض میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں ٹپر لاری کی ٹکر سے خانگی بینک کے دو ملازمین ہلاک ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے بموجب 25 سالہ سید شہباز احمد ساکن انصاری روڈ کاروان اور 28 سالہ دیپیکا نکم ساکن موسیٰ باؤلی آج صبح 7 بجے پی وی این آر ایکسپریس وے کے پلر نمبر 102 کے پاس یو ٹرن لے رہے تھے کہ تیز رفتار ٹپر لاری نے انہیں ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں دونوں برسرموقع ہلاک ہوگئے۔ جس کے نتیجہ میں لنگر حوض مین روڈ پر کافی دیر تک ٹریفک آمدورفت متاثر رہی ۔ انسپکٹر لنگر حوض سی ایچ سرینواس نے بتایا کہ سید شہباز احمد اور دیپیکا نکم آئی سی آئی سی آئی بینک میں ٹیلی کالرس کی حیثیت سے ملازم تھے اور آج دونوں ایکٹیوا موٹر سائیکل پر ڈیوٹی کیلئے جارہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ انسپکٹر نے کہا کہ ٹپر ڈرائیور لاپرواہی سے لاری چلا رہا تھا جبکہ یہ دونوں یو ٹرن لیتے وقت حادثہ کا شکار ہوگئے۔ پولیس نے دونوں کی نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ بغرض پوسٹ مارٹم منتقل کیا اور ٹپر ڈرائیور کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 304(A) کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس اس حادثہ سے متعلق مزید تحقیقات کیلئے مقامی سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرنے میں مصروف ہے۔