لوک سبھا میں بہار کو خشک سالی سے متاثرہ قرار دینے کا مطالبہ

   

نئی دہلی : خشک سالی سے متاثرہ بہار اور ریاست کے کسانوں کی حالت کا مسئلہ جمعہ کو لوک سبھا میں اٹھایا گیا اور مرکزی حکومت سے پورے بہار کو خشک سالی سے متاثرہ قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے رام کرپال یادو نے وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ بہار میں 91 فیصد کسان خشک سالی کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم جون سے 29 جولائی کے درمیان بہار میں اوسط سے کم بارش ہوئی ہے جس کی وجہ سے کسان بہت پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہار کا عام کسان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثر سے مانسون میں بھی کم بارش کی وجہ سے خشک سالی کا شکار ہے ، اس لیے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر ایک اعلیٰ سطحی ٹیم بہار بھیجے تاکہ کسانوں کی مشکلات کا ازالہ کیا جاسکے ۔ مسٹر یادو نے کہا کہ پورا بہار خشک سالی کے خوفناک بحران کا سامنا کر رہا ہے ۔