لوک سبھا 2019ء : دنیا کے مہنگے ترین انتخابات ہوں گے : امریکی ماہر

,

   

واشنگٹن ۔ 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں منعقد شدنی عام انتخابات کے بارے میں یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ دنیا میں جہاں جہاں جمہوری حکومتیں قائم ہیں، ہندوستان کے یہ انتخابات انتہائی مہنگے ہوں گے جس میں کئے جانے والے مصارف کا اندازہ لگانا ہر کسی کیلئے ممکن نہیں ہوگا۔ امریکہ کے ایک ماہر نے یہ بات کہی۔ یاد رہیکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا عنقریب انتخابات کے نظام عمل کا اعلان کرنے والا ہے جس کے ذریعہ لوک سبھا کیلئے 543 ارکان کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ کارنیگی انڈومنٹ فار انٹرنیشنل تھنک ٹینک کیلئے جنوبی ایشیاء پروگرام کے سینئر فیلو ملن ویشنو نے کہا کہ 2016ء میں امریکی صدارتی اور کانگریشنل انتخابات کے مشترکہ اخراجات 6.5 بلین ڈالرس تھے۔ ہندوستان میں 2014ء کے لوک سبھا انتخابات میں 5 بلین ڈالرس کے مصارف ہوئے تھے لہٰذا اب 2019ء میں یہ بہ آسانی کہا جاسکتا ہے مصارف اتنے زیادہ ہوں گے کہ یہ ایک عالمی ریکارڈ بن جائے گا۔ یاد رہیکہ مسٹر ویشنو کو ہندوستان میں منعقد ہونے والے کسی بھی نوعیت کے انتخابات میں خصوصی طور پر مصارف کے شعبہ کا ماہر سمجھا جاتا ہے جو بہ آسانی اس نتیجہ پر پہنچ جاتے ہیں کہ انتخابات میں کونسی پارٹی کتنا سرمایہ خرچ کررہی ہے۔