لڑکیوں کی طرح لڑکوں کی بھی تعلیم پر توجہ ضروری

,

   

ایس ایس سی و انٹر میرٹ اسکالرشپس کی تقسیم ۔ زاہد علی خاں و ڈاکٹر فصیح الدین علی خاں کا خطاب

حیدرآباد 23 جنوری (سیاست نیوز) مسلم طلبہ اب تعلیمی میدان میں شاندار مظاہرہ کررہے ہیں۔ اعلیٰ نشانات کے کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں مسلم لڑکے / لڑکیاں شامل ہیں ان کی حوصلہ افزائی کیلئے ڈاکٹر فصیح الدین علی خان چیرمین انڈو برٹش مسلم ایجوکیشن فاؤنڈیشن (یو کے) لندن گزشتہ21 برسوں سے حیدرآبادی مسلم طلبہ کو اسکالرشپ دے رہے ہیں جو نہایت حوصلہ افزاء ہے۔ ان خیالات کا اظہار جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست نے سیاست گولڈن جوبلی ہال میں منعقدہ میں ایس ایس سی، انٹر میرٹ اسکالرشپ جلسہ تقسیم اسنادات سے مخاطب کرتے ہوئے کیا اور کہاکہ ڈاکٹر فصیح الدین کا دل حیدرآبادی مسلم طلبہ کیلئے دھڑکتا ہے اور وہ ملی دردمند شخصیت ہے ان کے اس جذبہ کی ہم قدر کرتے ہیں۔ ادارہ سیاست ان کے کاز کے ساتھ ہمیشہ اشتراک کرتا ہے۔ انھوں نے ادارہ سیاست کے مختلف کارہائے نمایاں کے حوالہ سے بتایا کہ جہاں سلویٰ فاطمہ کو پائلٹ بنایا گیا۔ دو لڑکیوں کیلئے ٹرپل آئی ٹی میں داخلہ فیس دی گئی۔ اب آئندہ ایس ایس سی / انٹر اسٹیٹ ٹاپرس کیلئے سیاست ایکسلنس ایوارڈ دیئے جائیں گے۔ جناب زاہد علی خاں نے کہاکہ جہاں ہماری لڑکیاں تعلیم میں آگے ہیں وہیں پر لڑکوں کو بھی تعلیم کی طرف راغب کروائیں۔ جناب ڈاکٹر فصیح الدین علی خان نے جو حیدرآباد سے میڈیسن کی تعلیم کے بعد لندن میں ایک نامور ڈاکٹر ہیں، طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ آج کے حالات میں اپنے آپ کو زندگی کے ہر شعبہ کیلئے تیار کریں۔ لندن میں برٹش حکومت بھی ایسے اقدامات کی ستائش کرتی ہے ۔ انڈو برٹش اسکالرشپ کی رقم 32 انٹرمیڈیٹ امتیازی کامیاب طلبہ کو جو 98 فیصد 90 فیصد تک نشانات حاصل کئے اور ایس ایس سی کے 36 طلباء و طالبات کو جن کا جی پی اے 10 تا 9.7 رہا انھیں سرٹیفکٹ اور نقد رقم دیا گیا۔ جنرل منیجر سیاست جناب میر شجاعت علی نے تمام اُمور کو انجام دیا۔ شہر کے علاوہ اضلاع کریم نگر، ورنگل، بھینسہ، نظام آباد سے طلبہ نے اسکالرشپ کے حصول کیلئے شرکت کی۔ ایم اے حمید نے خیرمقدم کیا اور نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ قرأت کلام پاک سے آغاز ہوا۔