لکھیم پور کھیری تشدد:کانگریس وفد کی صدر سے ملاقات

,

   

نئی دہلی : کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی وڈرا کی قیادت میں کانگریس کے ایک وفد نے چہارشنبہ کو صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کی اور لکھیم پور کھیری تشدد کے واقعہ پر مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کو برطرف کیے جانے کا مطالبہ کیا۔ مشرا کے بیٹے آشیش مشرا پر الزام ہے کہ اس نے لکھیم پور کھیری میں احتجاجی کسانوں پر گاڑی دوڑائی جس میں کم از کم چار کسانوں کی موت ہو گئی۔کانگریس قائدین نے لکھیم پور کھیری واقعہ کی تفصیلات صدر کے حوالے کرتے ہوئے اس معاملے کی عدالتی تفتیش اور مرکزی وزراء کی کونسل سے اجے مشرا کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔صدر سے ملاقات کے بعد راہول نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے کسانوں کے لواحقین اور لکھیم پور کھیری واقعہ میں مارے گئے ایک صحافی کے لئے انصاف کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان لوگوں کے خاندانوں سے ملے ہیں جو لکھیم پور کھیری میں کچلے گئے تھے ۔ متاثرین انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں ، وہ مجرموں کو سزا دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ صدر سے ملاقات کے بعد پرینکا گاندھی نے ٹویٹر پر لکھا کہ لکھیم پور کھیری قتل عام کے واقعہ پر آج راہول گاندھی اور کانگریس کے سینئر قائدین نے صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کرکے انصاف کی آواز بلند کی۔انہوں نے کہا کہ صدر نے یقین دلایا ہے کہ وہ اس معاملے میں حکومت سے بات کریں گے ۔غور طلب ہے کہ لکھیم پور کھیری میں اتر پردیش کے نائب وزیراعلیٰ کیشوا پرساد موریہ کی آمد کی مخالفت کرنے والے کسانوں کے ہجوم پر مبینہ طور پر مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ کے بیٹے آشیش مشرا کے 3اکتوبر کو گاڑی دوڑانے اور اس کے بعد تشدد میں کم از کم 8 افراد مارے گئے تھے ۔ اس معاملے میں پولیس نے طویل پوچھ گچھ کے بعد آشیش مشرا کو گرفتار کیا ہے ۔ کسان قائدین اور اپوزیشن پارٹیاں اجے مشرا کی برطرفی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔