لیفٹیننٹ جنرل چوہان نے سی ڈی ایس کا عہدہ سنبھالا

   

نئی دہلی: لیفٹیننٹ جنرل انیل چوہان (ریٹائرڈ) نے پیر کو نئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا عہدہ سنبھال لیا۔ لیفٹیننٹ جنرل چوہان ملک کے دوسرے سی ڈی ایس ہیں۔ چارج سنبھالنے سے قبل صبح وہ نیشنل وار میموریل گئے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ دفتر پہنچنے پر تینوں سروسز کے اعلیٰ افسران نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد انہوں نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا عہدہ سنبھالا۔ لیفٹیننٹ جنرل چوہان سیکرٹری محکمہ فوجی امور کے فرائض بھی دیکھیں گے۔ وہ پہلے سی ڈی ایس جنرل بپن راوت کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی ہے ۔ جنرل راوت دسمبر 2021 میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے ۔ تب سے یہ عہدہ خالی تھا۔ لیفٹیننٹ جنرل چوہان نے فوج میں تقریباً 40 سال پر محیط کیریئر کے دوران مختلف کمانڈ، اسٹاف اور اہم عہدوں پر کام کیا ہے ۔ ان کے پاس انسداد دہشت گردی اور انسداد بغاوت کی کارروائیوں کا خاص طور سے جموں و کشمیر اور شمال مشرق میں وسیع تجربہ ہے ۔ 18 مئی 1961کو پیدا ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل چوہان نے 1981 میں فوج کی 11 گورکھا رائفلز میں کمیشن حاصل کیا۔ نیشنل ڈیفنس اکیڈمی کھڑکواسلا اور انڈین ملٹری اکیڈمی دہرادون کے سابق طالب علم لیفٹیننٹ جنرل چوہان کو سال 2019 میں ایسٹرن کمانڈ کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ انہوں نے یہ ذمہ داری مئی 2021 میں اپنی ریٹائرمنٹ تک نبھائی۔ لیفٹیننٹ جنرل چوہان کو نمایاں اور ممتاز خدمات کے لیے پرم وششٹ سیوا میڈل، اتم یودھ سیوا میڈل، اتی وششٹ سیوا میڈل، سینا میڈل اور وششٹ سیوا میڈل سے نوازا گیا جاچکا ہے ۔