مئیر جی وجیہ لکشمی و ڈپٹی مئیر سری لتاریڈی نے جائزہ حاصل کرلیا

   


شہر کی ترقی اور اسے محفوظ بنانے کیلئے تمام کارپوریٹرس کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم
حیدرآباد۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی مئیر جی وجیہ لکشمی اور ڈپٹی مئیر ایم سری لتا ریڈی نے آج اپنے عہدہ کا جائزہ لیا ۔جائزہ حاصل کرنے کی تقریب میں ریاستی وزراء کے علاوہ ارکان اسمبلی ‘ ارکان کونسل کے علاوہ ٹی آر ایس قائدین موجود تھے۔مئیر نے اپنے عہدہ کاجائزہ لینے کے علاوہ یادگار شہیدان تلنگانہ واقع گن پارک پر تلنگانہ کیلئے جان قربان کرنے والوں کوخراج عقیدت پیش کیا ۔مئیر حیدرآباد مسز جی وجیہ لکشمی کے جائزہ لینے کے موقع پر ان کے والد و رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کیشوراؤ ‘ وزیر ٹی سرینواس یادو‘ جناب محمد محمود علی وزیر داخلہ‘ مسٹر ڈی ناگیندر رکن اسمبلی ‘ مسٹر ایم پربھاکر ایم ایل سی و دیگر قائدین موجود تھے۔مئیر کے جائزہ حاصل کرنے کے بعد کمشنر بلدیہ مسٹر لوکیش کمار نے جی ایچ ایم سی اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ ان سے ملاقات کرکے مبارکباد پیش کی اور مستقبل میں شہر کی ترقی کیلئے تعاون اور آپسی مشاورت کے ساتھ کام کرنے کی یقینی دہانی کروائی ۔واضح رہے کہ جی وجیہ لکشمی اور ایم سری لتا ریڈی کا 11 فروری کو مئیر اور ڈپٹی مئیر کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آیاتھا اور آج دونوں نے جائزہ لیا۔ جی ایچ ایم سی کے مختلف شعبہ جات کے عہدیداروں نے بھی مئیر اور ڈپٹی مئیر سے ملاقات کرکے انہیں مبارکباد پیش کی ۔ تقریب کے دوران مئیر کے دفتر میں خصوصی پوجا کی گئی ۔ مئیر اور ڈپٹی مئیر نے بتایا کہ وہ دونوں تمام 148 کارپوریٹرس کے ساتھ بہتر تال میل کے ذریعہ شہر کی ترقی کیلئے خدمات انجام دیں گے اور شہر کو مزید محفوظ اور ترقی یافتہ بنانے کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔مسز جی وجیہ لکشمی نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے ان پر اعتماد کرکے یہ ذمہ داری تفویض کی ہے اس کو بہتر انداز میں نبھانے کی ممکنہ کوشش کریں گی۔ سری لتا ریڈی نے بتایا کہ ان کی یہ کوشش رہے گی کہ نومنتخبہ اراکین کے ساتھ اسی طرح مل کر کام کریں جس طرح تحریک تلنگانہ کے دوران ایک دوسرے سے تعاون کرکے تحریک کو کامیاب کیا تھا ۔ مئیر اور ڈپٹی مئیر نے عہدیداروں کے ہمراہ تبادلہ خیال کرکے جی ایچ ایم سی حدود میں جاری ترقیاتی کاموں اور دیگر منصوبوں کے متعلق تفصیلات سے آگہی حاصل کی ۔