ماہرین کے مطابق کورونا ویکسین آئندہ چند ہفتوں میں تیار ہوجائے گا

,

   

شبانہ روز مصروف ہیلتھ ورکرس، معمر افراد اور دیگر بیماریوں کا شکار افراد کو ترجیح، وزیراعظم مودی کا کوویڈ اجلاس سے خطاب

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے کل جماعتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ماہرین کی رائے یہ ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی ویکسین آئندہ چند ہفتوں میں تیار ہوجائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک کے سائنسدانوں کی جانب سے مثبت اشارہ دیئے جانے کے بعد ٹیکہ اندازی کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہمارے ملک کے سائنسدانوں کو اِس بات کا پورا یقین ہے کہ کوویڈ ویکسین آئندہ کچھ ہفتوں میں تیار ہوجائے گی۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے 12 کلیدی قائدین نے کل جماعتی اجلاس میں شرکت کی تھی جہاں وزیراعظم نے اپنے خطاب کے دوران یہ بھی کہاکہ آج دنیا کو سستی اور مؤثر ویکسین کا انتظار ہے۔ یاد رہے کہ نریندر مودی نے گزشتہ ہفتہ ہی ملک کی چند اہم لیباریٹریز کا دورہ کیا تھا جن میں بھارت بائیو ٹیک بھی شامل ہے اور ویکسین کی تیاری کا بہ نفس نفیس جائزہ لیا تھا۔ اُنھیں اس بات سے واقف کروایا گیا تھا کہ ہندوستان کے پاس بڑے پیمانے پر ویکسین کی تیاری کے تمام انفراسٹرکچر موجود ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کوویڈ کی ایک دو نہیں بلکہ آٹھ ویکسین تیاری کے مختلف مراحل میں ہیں۔ عالمی سطح پر جس کی تقسیم اور ویکسین دیئے جانے کی ذمہ داری قومی ماہرین کے ایک گروپ کو دی گئی ہے جن سے رائے طلب کرتے ہوئے اُس پر مناسب عمل آوری کی جائے گی۔ اگر دیکھا جائے تو ویکسین کی تیاری میں ہندوستان دیگر ممالک سے کہیں بہتر موقف میں ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ کوویڈ سے نمٹنے وزیراعظم کا یہ دوسرا کل جماعتی اجلاس تھا۔ عالمی سطح پر یہاں آٹھ ویکسین تیاری کے مراحل میں ہیں۔ وہیں صرف ہندوستان میں ہی ویکسین تعداد تین ہے جو تیاری کے مختلف مراحل میں ہیں۔ مرکز ویکسین کی قیمت متعین کرنے کے لئے ریاستی حکومتوں سے رابطہ میں ہے۔ قیمتوں کا فیصلہ بھی عوام کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا کیوں کہ عوام کی صحت حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کوویڈ کے بحران کے دوران شبانہ روز خدمات انجام دینے والے ہیلتھ ورکرس، معمر افراد اور ایسے افراد جو ایسی علامات اور بیماریوں کا شکار ہیں جن سے اُن کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، کو ویکسین سب سے پہلے دی جائے گی۔ مذکورہ اجلاس میں اپوزیشن قائد غلام نبی آزاد (کانگریس کی نمائندگی)، سندیپ بنڈوپادھیائے (ترنمول کانگریس) اور این سی پی کے شردپوار نے ورچوئل شرکت کی۔