مایاوتی اور اکھلیش کی آج مشترکہ پریس کانفرنس

,

   

لکھنؤ 11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر سماج وادی پارٹی اکھلیش یادو اور بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی ہفتے کو یہاں جوائنٹ پریس میٹ سے خطاب کریں گے جبکہ لوک سبھا چناؤ کے لئے نشستوں کی تقسیم کی بات چیت جاری ہے اور اِس اتحاد سے ایسا لگتا ہے کہ کانگریس لگ بھگ دور ہوگئی ہے۔ یہاں کی ایک پاش ہوٹل میں جوائنٹ پریس کانفرنس کا اعلان آج ایس پی نیشنل سکریٹری راجندر چودھری اور بہوجن سماج پارٹی کے نیشنل جنرل سکریٹری ایس سی مشرا نے کیا ہے۔ دونوں پارٹیوں کی اعلیٰ قیادت نے حال ہی میں نئی دہلی میں ملاقات کرتے ہوئے اُس اتحاد کے وسیع تر خدوخال پر بات کی تھی جو لوک سبھا انتخابات میں متحدہ طور پر بی جے پی کا مقابلہ کرے گا۔ جوائنٹ پریس کانفرنس اپنی نوعیت کا پہلا ایونٹ ہے جبکہ دونوں پارٹیوں نے 2019 ء کے لوک سبھا انتخابات سے قبل انتخابی اتحاد کے اشارے دیئے تھے۔ دونوں پارٹیوں کے سربراہوں نے اتحاد کو اُصولی طور پر منظوری دی ہے، جس نے عملاً اترپردیش میں کانگریس کے لئے اتحاد کے دروازے بند کردیئے ہیں۔ ذرائع نے کہاکہ ایس پی اور بی ایس پی دونوں اترپردیش میں 80 کے منجملہ فی کس 37 نشستوں پر مقابلہ کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں اور وہ صرف دو حلقے رائے بریلی اور امیتھی کانگریس کے لئے چھوڑ دینا چاہتے ہیں جہاں سے ترتیب وار سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نمائندگی کرتے ہیں۔