محمد سراج کھلاڑیوں کو مندی کھلانے کے خواہاں

   

حیدرآباد۔ رائل چیلنجرس بنگلور کے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولراور گزشتہ مقابلے میں مین آف دی میچ رہے محمد سراج جنہوں نے آئی پی ایل سیزن13میں کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے خلاف 8 رنز دے کر تین اہم وکٹس حاصل کرتے ہوئے ریکارڈ بنایا ہے وہ اس خوشی میں اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مندی کھلانے کے خواہشمند ہیں۔محمد سراج آئی پی ایل کی تاریخ کے پہلے بولر بن گئے جنہوں نے لگاتار دو میڈن اوورس ڈالے اور تین وکٹیں حاصل کیں۔یہ میچ ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلاگیا تھا۔انہوں نے مین آف دی میچ کے بعد ہرشابھوگلے جو خود حیدرآبادی ہیں ان سے خالص حیدرآبادی انداز میں بات کی۔ہرشا بھوگلے بھی ان سے حیدرآبادی لب ولہجہ میں سوال کرتے ہوئے لطف محسوس کررہے تھے ۔سراج سے بھوگلے نے پوچھا کہ چناسوامی اسٹیڈیم میں بولنگ کررہے ہیں آپ، یہاں پر آپ کو بولنگ کرتے ہوئے بڑا مزہ آیا ہونگا؟اس سوال کا جواب دیتے ہوئے محمد سراج نے کہا کہ پہلے تو میں اللہ کا بہت شکر ادا کرتاہوں،ویراٹ بھائی مجھے نیا بول(گیند)دیئے ۔میں نئے بول سے بہت زیادہ پریکٹس کررہا تھا۔مجھے ابھی موقع ملا تو بھوت(بہت) اچھالگا۔ ویراٹ بھائی بولے کہ میاں،ریڈی ہوجاو۔