مدعی خاتون میرے ’’ٹائپ‘‘ کی نہیں : ٹرمپ

,

   

واشنگٹن ۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایلے میگزین کی کالم نگار کی جانب سے خود پر لگائے جنسی ہراساں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کی ‘ٹائپ’ کی نہیں اور نہ ہی انہوں نے انہیں ہراساں کیا۔ایلے میگزین کی کالم نگار ای جین کیرل نے کئی سال تک ڈونالڈ ٹرمپ پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔کیرل کے مطابق ڈونالڈ ٹرمپ نے انہیں فٹنگ روم میں زور سے دھکا دیا، جبکہ ان کا سر بھی دیوار سے دے مارا۔دوسری جانب ڈونالڈ ٹرمپ نے تمام الزامات کو بے بنیاد ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ نہ تو کیرل اس لائق ہیں کہ وہ انہیں ہراساں کرنے کا سوچیں اور نہ ہی ایسا کبھی کچھ ہوا۔ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کیرل جھوٹی کہانی بنا کر ان پر الزام لگا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ‘میں اس خاتون کے بارے میں کچھ نہیں جانتا، مجھے حیرانی اس بات پر ہوتی ہے کہ لوگ اس قسم کے جھوٹے الزامات لگا دیتے ہیں’۔یاد رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ پر ماضی میں کئی اور خواتین بھی جنسی ہراساں کرنے کے الزامات لگا چکی ہیں۔امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ‘یقین کریں میں کبھی اس خاتون کا انتخاب بھی نہیں کرتا’۔دوسری جانب کیرل نے ڈونالڈ ٹرمپ پر الزام لگایا کہ 1995 امریکہ میں ڈونالڈ ٹرمپ ایک اسٹور میں چند نامناسب ملبوسات خریدنے کے خواہش مند تھے اور انہوں نے کیرل سے گزارش کی کہ وہ انہیں یہ لباس پہن کر بھی دکھائیں۔کیرل کے مطابق اس وقت ڈونالڈ ٹرمپ کی شادی امریکی اداکارہ مارلا میپلز سے ہوئی تھی۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس موقع پر ٹرمپ نے دروازہ بند کیا اور انہیں دیوار کی جانب دھکا دیا، تاہم انہوں نے ٹرمپ کا پورا مقابلہ کیا۔ای جین کیرل نے ایک کتاب ‘ہیڈیس مین’ بھی تحریر کی جس میں انہوں نے اپنی زندگی میں آئے ان تمام مرد حضرات کا زکر کیا جنہوں نے کسی نہ کسی موقع پر انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا۔