مدھیہ پردیش میں این پی آر پر عمل نہیں :کمل ناتھ

,

   

کانگریس ایم ایل اے عارف مسعودکی حکومت کو دھمکی کے بعد چیف منسٹر کی وضاحت

بھوپال ۔ 17 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام)مدھیہ پردیش کی کانگریس حکومت نے آج دعویٰ کیا کہ مجوزہ نیشنل پاپولیشن رجسٹر (این پی آر ) کو ریاست میں اپ ڈیٹ کرنے کی موجودہ طورپر کوئی سرگرمی نہیں ہورہی ہے ۔ چیف منسٹر کمل ناتھ نے کہا کہ اُن کی حکومت ریاست میں این پی آر پر عمل آوری نہیں کرے گی ۔ کمل ناتھ کی وضاحت کانگریس رکن اسمبلی عارف مسعود کی آج قبل ازیں اس دھمکی کے تناظر میں سامنے آئی کہ وہ این پی آر کو اپ ڈیٹ کرنے پارٹی زیرقیادت حکومت کے مبینہ فیصلے کے خلاف احتجاج شروع کردیں گے۔ برسراقتدار پارٹی کے بھوپال سے منتخب لیجسلیٹر نے مبینہ فیصلے کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ بعد ازاں یہاں جاری کردہ بیان میں کمل ناتھ نے وضاحت کی کہ ریاست میں موجودہ طورپر ایسی کوئی سرگرمی نہیں ہے ۔ این پی آر سے متعلق اعلامیہ 9 ڈسمبر 2019 ء کو جاری کیا گیا تھا ، اُس کے بعد مرکز نے شہریت ترمیمی قانون جسے 11ڈسمبر کو پارلیمنٹ کی منظوری ملی ، اُس پر عمل آوری کا فیصلہ کیا۔ اس کا مطلب ہے کہ حکومت کے اعلامیہ کے مطابق این پی آر ،سی اے اے 2019 ء کے تحت نہیںبلکہ سی اے اے 1955 ء ، 2003 قاعدہ 3 کے تحت جاری کیا گیا ۔ بحرحال اس کے باوجود این پی آر پر ریاست میں عمل نہیں کیا جائے گا ۔ ریاستی حکومت کے ترجمان اور وزیرتعلقات عامہ پی سی شرما نے بھی وضاحت کی کہ اس معاملے میں گزٹ اعلامیہ پہلے جاری کیا گیا تھا اور دہرایا کہ ریاست میں این پی آر پر عمل نہیں ہوگا۔