مذہبی خبریں

   

جلسہ ہائے فضائل رمضان المبارک و جشن نزول قرآن کریم
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل (انڈیا ) آئی ہرک کے زیر اہتمام یکم تا اختتام ماہ صیام ’ فضائل رمضان المبارک و جشن نزول قرآن کریم ‘ سے معنون 23 ویں سالانہ حضرت تاج العرفاء یادگار خطابات کے سلسلہ میں دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد اور رنگاریڈی کی مساجد میں سے کسی ایک مسجد میں بعد نماز ظہر و نیز بعد نماز تراویح خطابات کا اہتمام ہوگا ۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک شرف تخاطب حاصل کریں گے ۔ آئی ہرک کی مجلس انتظامیہ خواہش کرتی ہے کہ ایسی مسجد کمیٹی یا متولی صاحب جو اپنی اپنی مساجد میں ڈائرکٹر آئی ہرک کے خطاب رکھنے کی خواہش مند ہیں وہ ایک تحریری درخواست کے ساتھ دفتر آئی ہرک واقع حمیدیہ ، شرفی چمن ، سبزی منڈی قدیم ( فون 9000205282 ) سے 29 شعبان المعظم سے قبل ربط کریں ۔۔

مسلم حکمرانوں نے ہر مذہب کا پاس و لحاظ رکھا
مسجد عالیہ میں تاریخ اسلام لکچر سے ڈاکٹر سید اسلام الدین مجاہد کا خطاب
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : اسلام کے ابتدائی دور سے ہی یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ اس کے ماننے والوں نے اپنے مذہب کو دیگر قوموں پر بزور طاقت مسلط کرنے کی کبھی کوشش نہیں کی بلکہ ہمیشہ اس بات کو پیش نظر رکھا کہ لوگ اسلامی تعلیمات کی خوبیوں اور اچھائیوں کو دیکھتے ہوئے بلا کسی جبر و کراہ کے اسلام کے دامن رحمت میں آئیں ۔ اس کی واضح مثالیں حضور اکرم ﷺ کی حیات طیبہ میں ملتی ہے ۔ آپ ﷺ نے اپنی دعوت کو عام کرنے کے لیے کبھی ظلم اور تشدد کا راستہ اختیار نہیں کیا ۔ بلکہ دعوت و تبلیغ کے موثر طریقوں کو اختیار کرتے ہوئے اس فریضے کو انجام دیا ۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ ساری مخلوق اللہ کا کنبہ ہے اور اللہ کے نزدیک سب سے پسندیدہ مخلوق وہ ہے جو اس کے کنبے سے محبت کرے ۔ آپ ﷺ نے دیگر مذاہب کا احترام کرنے کا درس اپنی امت کو دیا ۔ مذہب کے معاملے میں تنگ نظریے اور تعصب کو اسلام نے کبھی پسند نہیں کیا ۔ خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم نے آپ ﷺ کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے مذہبی روا داری کی ایسی مثالیں قائم کی ہیں کہ اس کی نظیر کہیں اور ملنا ناممکن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر سید اسلام الدین مجاہد نے کانفرنس ہال جامع مسجد عالیہ گن فاونڈری میں تاریخ اسلام لکچر کی 864 ویں نشست کو بعنوان ’ مسلمانوں کی حب الوطنی ۔ تاریخ کے حوالے سے ‘ کیا ۔ نشست کا آغاز قاری عبدالمقیت کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ مقرر صاحب نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جہاں تک ہندوستان میں مسلم حکمرانوں کا دور رہا ، یہاں کوئی اسلامی حکومت تو نہیں تھی لیکن مسلم حکمرانوں نے یہاں کے ہر مذہب اور یہاں کی ہر روایت کا پاس و لحاظ رکھا ۔ تاریخ کے صفحات ان کی مذہبی روا داری کے واقعات سے بھرے پڑے ہیں ۔ مسلمانوں نے یہاں تقریبا آٹھ سو سال تک حکومت کی ۔ لیکن چند ایک حکمرانوں کو چھوڑ کر سارے بادشاہوں نے یہاں کے مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے ساتھ محبت اور الفت کا سلوک کیا ۔ مندروں اور دیگر عبادت گاہوں کو مالی امداد فراہم کی ، مذہبی بنیادوں پر لوگوں کے درمیان کوئی تمیز نہیں کی اور ہر ایک کو مذہبی آزادی کا حق دیا ۔ مسلم حکمرانوں کی فیاضی ، فراخدلی اور حسن سلوک کا نتیجہ تھا کہ یہاں کی اکثریتی عوام ان کی گرویدہ ہوگئی ۔ آج عالمی سطح سے لے کر قومی سطح تک اسلام اور مسلمانوں کے خلاف پروپگنڈہ کیا جارہا ہے کہ وہ دنیا کے امن کے لیے خطرہ بنتے جارہے ہیں ۔ اس قسم کے شر انگیز الزامات کو غلط ثابت کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی تاریخ سے واقف ہوں تاکہ ہم دنیا کو بتا سکیں کہ اسلام کی پوری تاریخ مذہبی روا داری پر مبنی ہے ۔ ابتداء میں جناب غلام یزدانی سینئیر ایڈوکیٹ و کنوینر محافل نے عنوان کی آج کے حالات میں اہمیت کا ذکر کیا ۔ دعا پر محفل کا اختتام ہوا ۔۔

غزوہ احد کی تھکن کے باوجود مجاہدین مدینہ کے تمام راستوں کی نگرانی میں جاگتے رہے
آئی ہرک کا تاریخ اسلام اجلاس، ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی اور پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی کے لکچرس
حیدرآباد ۔17 ؍اپریل( پریس نوٹ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے غزوہ احد سے مراجعت کے بعد اپنے کاشانہ اقدس میں قدم رنجائی فرمائی۔غزوہ احد کی رات صحابہ کرام نے ہنگامی حالت میں گزاری اگر چہ کہ دن بھر کی جنگ نے انھیں بے حد تھکا دیا تھا۔ اس کے باوجود وہ سب رات بھر جاگتے رہے اور مدینہ آنے والے تمام راستوں اور گزرگاہوں کی نگرانی میں مصروف رہے۔رسول اللہؐ نے فیصلہ فرمایا کہ دشمن کا تعاقب کیا جائے اور اسے کسی طرح استیصال کا موقع نہ دیا جائے۔اس غرض سے حضور اکرمؐ نے کوچ کا اعلان فرمایا۔ صبح منادی نے رسول اللہؐ کی طرف سے اعلان کیا کہ جو لوگ کل ہمارے ساتھ جنگ میں شریک نہ ہوے وہ دشمن کے تعاقب میں نہ چلیں۔تعاقب سے مقصد و مدعا صرف یہ تھا کہ دشمن خوفزدہ ہو جائے اور جان لے کہ رسول اللہؐ معرکہ آرائی فرمانے کی غرض سے باہر آئے ہیں اور مسلمانوں میں بہر حال پوری طرح مقابلہ اور معرکہ آرائی کی قوت و حوصلہ برقرار ہے۔احد کی صورتحال کی وجہ سے ان میں کوئی کمی پیدا نہیں ہوئی ہے۔رسول اللہؐ مدینہ منورہ سے نکل کر حمراء الاسد پہنچے جو آٹھ میل کے فاصلہ پر تھا ۔تین دن کے قیام کے بعد حضور اکرمؐ پھر مدینہ منورہ مراجعت فرما ہوئے۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے ’’ایوان تاج العرفاء حمیدآباد‘‘ واقع شرفی چمن ،سبزی منڈی قدیم میں ان حقائق کا اظہار کیا۔ وہ اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل (انڈیا) آئی ہرک کے زیر اہتمام منعقدہ ’1350 ‘ویں تاریخ اسلام اجلاس کے پہلے سیشن میں سیرت طیبہ کے تسلسل میں واقعات غزوہ احد اور اس کے اثرات پر اہل علم حضرات اور سامعین کرام کی کثیر تعداد سے شرف تخاطب حاصل کر رہے تھے۔ صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ رضا حمیدی نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں دعوت حق کے مرحلہ وار اور قوی اثرات پر موثر حقائق بیان کئے ۔ مولانا مفتی سید شاہ محمد سیف الدین حاکم حمیدی کامل جامعہ نظامیہ نے ایک آیت جلیلہ کا تفسیری، ایک حدیث شریف کا تشریحی اور ایک فقہی مسئلہ کا توضیحی مطالعاتی مواد پیش کیا۔ پروفیسرسید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک نے علم الادب پر معلومات آفریں نکات پیش کئے ۔ ڈاکٹرسید محمد حمید الدین شرفی نے ایک مہاجر ایک انصاری سلسلہ کے تحت حضرت عطیہ بن عروہؓ کے احوال شریف کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ حضرت عطیہؓ صغر سنی میں قبیلہ بنی سعد بن بکر کے لوگوں کے ہمراہ بارگاہ رسالت پناہیؐ میں حاضر ہوے تھے ان کے قبیلہ کے بڑے لوگوں نے انھیں چھوڑ کر خود حضور اقدسؐ کے دربار میں چلے گئے اور اپنی اپنی حاجتوں اور ضرورتوں کو عرض کیا تھا جب وہ سب اپنی اپنی حاجتیں پیش کر چکے تو خود حضور اکرمؐ نے ان لو گوں سے دریافت فرمایا کہ کیا تم میں اور کوئی بھی باقی ہے تب سب کو یاد آیا کہ انھوں نے عطیہ بن عروہؓ کو قافلہ میں چھوڑ دیا اور خود چلے آے ہیں۔ حضرت عطیہ بن عروہؓ کو اس بات پر ہمیشہ ناز و افتخار رہا کہ بنی سعد والوں کے فراموش کر دینے کے باوصف محبوب کردگارؐ نے انہیں اپنے الطاف و کرم سے نوازا اور یاد کر کے دارین کی عزتوں اور برکتوں سے مالا مال فرما دیا۔ حضرت عطیہ بن عروہؓ کہتے تھے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے کہ غصہ شیطان سے ہے اور شیطان آگ سے ہے اور آگ کسی چیز سے ٹھنڈی نہیں ہوتی لیکن پانی سے سرد ہو جاتی ہے لہذا جب تم کو غصہ آے تو وضو کیا کرو۔ حضرت عطیہ بن عروہؓ کی زندگی اطاعت حق تعالیٰ اور محبت و اتباع رسول اللہؐ سے عبارت تھی۔الحاج محمد یوسف حمیدی نے ابتداء میں تعارفی کلمات کہے اور آخر میںجناب محمد مظہر اکرام حمیدی نے شکریہ ادا کیا۔

میلاد میدان خلوت میں مرکزی جلسہ شب برات
مقامی و بیرونی علماء و مشائخ کی شرکت و خطابات
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اپریل : ( راست ) : ڈاکٹر محمد عبدالنعیم ذکی سیٹھ ( معتمد کمیٹی ) کے بموجب کل ہند مرکزی میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام مرکزی جلسہ شب برات بروز ہفتہ 20 اپریل کو بعد نماز عشاء میلاد میدان روبرو خلوت پیالیس جناب خواجہ معین الدین اقبال قادری ملتانی ( صدر کمیٹی) کی زیر نگرانی منعقد ہوگا ۔ جلسہ کا آغاز مولانا غلام محمد خاں نقشبندی کی قرات کلام مجید سے ہوگا ۔ قاری اسد اللہ شریف ، جناب معلم سعد قادری ، جناب طہ العمودی ، نعت شہہ کونین ﷺ سنائیں گے ۔ علمائے دین مولانا مفتی حافظ سید ضیا الدین نقشبندی ، مولانا محمد آصف عرفان قادری کے علاوہ شمالی و جنوبی ہند کے علمائے دین شرکت و خطاب کریں گے ۔ اس سلسلہ میں کمیٹی انتظامات میں مصروف ہے ۔ جلسہ گاہ میں کثیر تعداد میں عامتہ المسلمین کی شرکت کے پیش نظر مختلف مقامات پر کلوز ٹی وی اسکرین نصب کئے جارہے ہیں ۔ خواتین کے لیے شہ نشین کے عقبی حصہ کمیونٹی ہال میں پردہ کا معقول نظم رہے گا ۔ مسرس سید محمد شجاعت حسین قادری ، محمد نعیم ذکی سیٹھ ، جناب شیخ عبید بن عثمان العمودی ، جناب حاجی محمد رؤف میمن ، اقبال میمن ، جناب محمد آدم اشرفی ، محمد شریف اشرفی ، محمد فردوس چشتی افتحاری ، محمد مشتاق علی یم جے ، محمد عمران احمد ، ڈاکٹر برکت علی خاں و دیگر ارکان کمیٹی نے عامتہ المسلمین سے شرکت کی اپیل کی ہے ۔۔

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 17 اپریل ۔ ( راست ) قطب زماں پیر کامل حضرت حبیب احمد بن عیدروس بن حسین العیدروس رحمۃ اللہ علیہ کے86 ویں عرس شریف کے مراسم کا زیرنگرانی حضرت حبیب مجتبیٰ بن جعفر بن احمد العیدروس ۱۲ شعبان المعظم ، 18 اپریل بروز جمعرات بعد نماز عصر صندل مالی سے آغاز عمل میں آئے گا ۔ درگاہ خطۂ صالحین میں حضرت حبیب مجتبیٰ بعد نماز عصر قصیدہ بردہ شریف ، صندل مالی و دیگر تقریبات کی نگرانی کریں گے ۔ محفل سماع و چراغاں کا 13 شعبان المعظم بروز جمعہ 19 اپریل کو بعد نماز مغرب درگاہ خطہ صالحین نامپلی میںقصیدہ بردہ سے آغاز ہوگا مابعد محفل سماع منعقد ہوگی ۔ مراسم عرس کا اختتام نگران محفل حضرت حبیب مجتبیٰ بن جعفر العیدروس کی دعاء پر ہوگا۔
٭٭ عرس شریف حضرت بابا فخر الدین سہروردیؒ المعروف حضرت میٹھے شاہ ولیؒ 21 شعبان واقع جل پلی پہاڑی شریف میں مقرر ہے ۔ پروگرام کے مطابق بعد مغرب جلوس صندل جامع مسجد جل پلی سے برآمد ہوگا جو درگاہ شریف پہونچے گا۔ جہاں پر مراسم صندل مالی کے بعد محفل سماع ہوگی۔۔
٭٭ حصرت سید شاہ ہاشم اللہ حسینی قادری چشتی کا عرس شریف بمقام محلہ باغ لشکر جنگ نزد پولیس اسٹیشن دبیر پورہ میں 27 اور 28 شعبان کو بعد نماز عشاء صندل مالی چادر گل فاتحہ خوانی و مراسم مقرر ہے ۔ جلسہ فیضان اولیاء و محفل چشت سماع زیر نگرانی مولانا میر محمد مصطفی علی شاہ عرفانی مقرر ہے ۔۔
٭٭ عرس شریف حضرت سید محمد ابراہیم عارف اللہ شاہ قادری چشتی نقشبندی ؒ واقع محلہ عیسی میاں بازار عقب مسجد مینار پٹی میں 12 شعبان کو بعد نماز عشاء صندل مالی چادر گل فاتحہ خوانی مراسم عرس مقرر ہے۔ ڈاکٹر غلام افضل حسین بیابانی منقبت پیش کریں گے ۔۔
٭٭ عرس شریف حضرت سید محمد جلال الدین قادری المعروف اجالے شاہ صاحب لقب انوار اللہ حسینیؒ کا آستانہ جلال بابا قادری موتی تالاب موضع رائے درگ اولڈ ممبئی روڈ مقرر ہے ۔ سرپرستی سجادہ نشین آستانہ قطب صاحبؒ کریں گے ۔ اور نگرانی مولانا سید محمد معراج احمد قادری کریں گے ۔ 23 اپریل بعد مغرب صندل مالی بعد عشاء جلسہ فیضان اولیاء منعقد ہوگا ۔ 28 شعبان بعد عشاء محفل سماع ہوگی ۔۔

مصری گنج میں جلسہ قرات
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اپریل : ( راست ) : اقراء قرات سوسائٹی کی جانب سے منعقد شدنی عالمی جلسہ قرات کلام پاک کے ضمن میں بعد نماز جمعہ 19 اپریل کو مسجد سلطان جہاں بیگم نواز فنکشن ہال مصری گنج میں جلسہ قرات کلام پاک الحاج مولانا سید غوث محی الدین خطیب مسجد ہذا کی نگرانی میں مقرر ہے ۔ دکن کے نامور قراء کرام تلاوت کلام پاک پیش کریں گے ۔ ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری کی نعت رسولؐ ہوگی ۔ جناب عمر احمد شفیق عالمی پروگرام پر روشنی ڈالیں گے ۔ نماز جمعہ 2 بجے دن ہوگی ۔۔

چنچل گوڑہ میں نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اپریل : ( راست ) : بزم عاشقان رسول و دبستان عدیل کے زیر اہتمام ماہانہ نعتیہ مشاعرہ بضمن استقبال رمضان المبارک 18 اپریل کو رہائش گاہ حضرت صابر حسین نقشبندی چنچل گوڑہ متصل مسجد پیراں شاہ صاحبؒ بعد عشاء مقرر ہے ۔ مشاعرہ کا آغاز حافظ و قاری غوث الدین حسن شرجیل کی قرات سے ہوگا ۔ نگرانی حضرت سید شاہ مرتضیٰ قادری خضر پاشاہ کریں گے ۔ جب کہ بحیثیت مہمانان خصوصی شاعر انوار مدینہ قاضی عظمت اللہ جعفری ، خواجہ شاکر گودڑ شاہی ، سید مصطفی علی سید ، قطب حافظ وارثی ، اور عبدالرشید ارشد کریں گے ۔ بحیثیت مہمانان اعزازی شرف الدین راشد ، محمد عمر علی خاں ، محمد اعظم قادری ، سلیم قادری ، اسحاق شرفی ، داؤد اظہر و دیگر شعراء شرکت کریں گے ۔۔

وٹے پلی میں کل جلسہ قرات کلام پاک
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اپریل : ( راست ) : جلسہ قرات کلام پاک زیر اہتمام اسٹار کراٹے آرٹ اینڈ کلچرل اسوسی ایشن و مدرسہ باب العلوم وٹے پلی کے سلسلہ میں مشاورتی اجلاس بمکان بانی و ناظم جلسہ حافظ و قاری محمد صلاح الدین جاوید مقرر ہوا ۔ جس میں طئے کیا گیا کہ جلسہ قرات کلام پاک 19 اپریل بروز جمعہ بعد نماز عشاء احاطہ مدرسہ باب العلوم فاطمہ نگر وٹے پلی میں زیر صدارت مفتی محمد عظیم الدین صدر مفتی جامعہ نظامیہ منعقد کیا جائے گا ۔ جلسہ کے انتظامات و انصرام کے سلسلہ میں مجلس استقبالیہ کی تشکیل عمل میں لائی گئی ۔ اور بحیثیت صدر نشین مجلس استقبالیہ محمد الیاس بخاری اور نائبین صدور اتقبالیہ الحاج محمد سلیم ، محمد عبدالمقیم کا انتخاب عمل میں آیا ۔ اور بحیثیت معتمد استقبالیہ سید احمد اور نائب معتمد استقبالیہ عثمان صالح سعدی اور خازن حافظ و قاری محمد کلیم الدین حسان کو منتخب کیا گیا ۔۔

بی بی کے علم کے ہاتھی پر عائد
پابندی پر نظر ثانی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اپریل : ( راست ) : آل انڈیا سیرت زہرا کمیٹی نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ علم بی بی کے لیے ہاتھی کے استعمال پر پابندی سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے پر درخواست نظر ثانی داخل کریں ۔ کمیٹی کے صدر علی رضا نے اپنے بیان میں کہا کہ ہائی کورٹ نے بی بی کے علم جلوس کے لیے ہاتھی کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے ۔ جلوس میں ہاتھی ایک سو سال سے زائد کی روایت ہے ۔ جلوس میں مختلف مذاہب کے افراد شرکت کرتے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے محرم کو حکومت کی سطح پر منانے کا وعدہ کیا تھا اور ہائی کورٹ کے فیصلے سے شیعہ کمیونٹی کو مایوسی ہوئی ہے ۔۔

چنچل گوڑہ جونیر کالج گراونڈ پر کل مرکزی جلسہ شب برات
علامہ مفتی محمد رئیس القادری ، علامہ محمد احمد رضا منظری ، مفتی محمد منظور ضیائی کی شرکت کو قطعیت
حیدرآباد۔16/اپریل ( راست ) کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کا اٹھارواں مرکزی جلسہء شب برات 20/ اپریل بروزہفتہ بعد نمازِ عشاء گورنمنٹ جونیر کالج گراؤنڈ چنچل گوڑہ ، نزد دبیر پورہ پر منعقد ہوگا ۔ محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی) ـ و ڈاکٹر عظمت رسول کے بموجب سرپرستی مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی ، صدارت حضرت سید خلیل علی شاہ بابا قدرتی محبوبی ، نگرانی جناب محمد شوکت علی صوفی کرینگے ۔ مہمانان ِ خصوصی کی حیثیت سے جناب محمد افتخار شریف ( امریکہ ) ، مولانا محمد اخلاق اشرفی ، حکیم ایم اے ساجد قادری ملتانی ، جناب الحاج محمد نعیم صوفی ، ڈاکٹر حیدر یمانی ، ڈاکٹر خالد غلام محی الدین ، ڈاکٹر محمد احسان الحق ، ڈاکٹر ابو الحسن اشرف ، ڈاکٹر مجیب شاہد ، ڈاکٹر محمد احمد عرفانی ، ڈاکٹر سید قمر قادری ، ڈاکٹر غوث قادری شرکت کرینگے ۔ بیرونی مہمان مقرر ین میں شمالی ہند کے عالم دین مفتی محمد رئیس القادری (اترپردیش) ، مولانا محمد احمد رضا منظری (بریلی شریف )، مفتی محمد منظور ضیائی ( ممبئی) کی شرکت و خطابات ہونگے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری صلاح الدین جاوید کی قرات سے ہوگا ۔ بارگاہِ رسالتمآب ﷺ میں ثناء خوانِ رسول جناب محمد فرحت اللہ شریف ، حافظ و قاری ملک اسمٰعیل علی خاں ، محمد عبدالقیوم قادری ہدیہ نعت پیش کرینگے ۔ نظامت کے فرائض مولانا محمد شبیر علی اعظمی انجام دینگے ۔ مقامی مقررین کرام میں مولانا ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز قادری شرفی ، مولانا ڈاکٹر نادر المسدوسی ، مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری ( نائب صدر رحمت عالم کمیٹی ) ، مولانا مفتی ڈاکٹر محمد مستان علی قادری کے خطابات ہونگے ۔ صدر استقبالیہ جناب مرزا نثار احمد بیگ نظامی ہونگے۔ نائب صدر استقبالیہ جناب محمد عبدالنجیب (کاشف) ، نائبین استقبالیہ جناب محمد افتخار علی ،جناب مکرم علی ، محمد عظیم برکاتی ، محمد آصف قادری ، جناب محمد احسن شریف ہونگے ۔ اس عظیم الشان جلسہ میں عالم اسلام کے مظلوم مسلمانوں کیلئے رقت انگیز دُعاء کا اہتمام کیا جائیگا ۔ مہمان مقررین کرام کے عصر حاضر میں مسلمانوں کو درپیش چیالنجس اور اُن کا حل ، امت ِ مسلمہ میں اتحاد وقت کی اہم ضرورت ، ایمان و عقیدہ کا تحفظ اور شب برات کی اہمیت و فضیلت پر بصیرت افروز خطابات ہونگے ۔ محمد شاہد اقبال قادری (صدر کمیٹی ) نے کہا کہ کالج گراونڈ چنچل گوڑہ پر وسیع تر نشستوں کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ پینے کے پانی اور پارکنگ کی بہتر سہولت رہیگی۔

مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے آئی اے ایس کی مفت کوچنگ
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اپریل : ( راست ) : صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خاں اور ایکزیکٹیو آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی جناب محمد عبدالوحید آئی ایف ایس نے کہا کہ مرکزی حج کمیٹی کے زیر اہتمام یونین پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے منعقد ہونے والے آئی اے ایس اور دیگر متعلقہ سرویس کے امتحانات میں مسلم گریجویٹس یا پوسٹ گریجویٹس امیدوار اس خصوصی موقع سے استفادہ کریں اور کہا کہ مرکزی حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے دئیے جانے والی کوچنگ اور رہنمائی سے فائدہ اٹھائیں اور امیدواروں سے مزید کہا کہ انہیں ذہن میں رکھنا ہوگا ان کا اصل مقصد معاشرہ کے کمزور طبقات کی خدمت کرنا ہے ۔ خواہش مند امیدوار مرکزی حج کمیٹی آف انڈیا کی سرکاری ویب سائٹ hajcommittee.gov.in پر جاکر آن لائن درخواست داخل کرواسکتے ہیں ۔ آن لائن درخواستیں داخل کرنے کا سلسلہ 08-04-2019 سے شروع ہوچکا ہے اور اس کی آخری تاریخ 7-5-2019 ہے ۔ انٹرنس ٹسٹ بشمول حیدرآباد ماہ جون میں منعقد ہوگا اور امتحان کے نتائج کی اطلاع مرکزی حج کمیٹی آف انڈیا کی سرکاری ویب سائیٹ پر جاری کی جائے گی اور امیدواروں کو میل کے ذریعہ بھی مطلع کیا جائے گا ۔ انٹرویو ممبئی میں منعقد کیا جائے گا اور امیدواروں کو بورڈ کی طرف سے زبانی انٹرویو لیا جائے گا اور امیدواروں کو جنرل نالج پر سوالات پوچھے جائیں گے ۔ اس انٹرویو کا مقصد عوامی خدمت میں کسی کیرئیر کے لیے امیدوار کی ذاتی اہلیت کا تعین کرنا ہے ۔ ڈاکٹر محمد مقصود احمد خاں چیف ایکزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا ممبئی نے بتایا کہ اس کوچنگ پروگرام کے لیے ملک بھر سے جملہ 50 امیدوار کا تحریری امتحان اور زبانی انٹرویو کے ذریعہ انتخاب عمل میں آئے گا ۔ منتخب امیدوار کے لیے کوچنگ اور گائیڈنس ، لکچرز ، اسٹڈی میٹریل ، کمپیوٹر و انٹرنیٹ اور ہاسٹل کی سہولتیں مفت فراہم کی جائے گی تاہم طعام کے لیے اندازاً فی کس پانچ ہزار روپئے چارج کیے جائیں گے ۔ امیدوار کو آئی اے ایس پری لم اور آئی اے ایس مین اگزام کے علاوہ پرسنالٹی ٹسٹ کی ٹریننگ دی جائے گی ۔ انٹرنس ٹسٹ میں منتخب امیدواروں کا ممبئی میں انٹرویو ہوگا جس میں کامیاب امیدواروں کو کوچنگ فراہم کی جائے گی ۔۔

حضرت میر شجاع الدین حسین قادری : حیات و خدمات
یونیورسٹی کالج آف سائنس ، سیف آباد کا دو روزہ بین الاقوامی سمینار
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : شعبہ عربی یونیورسٹی کالج آف سائنس ، سیف آباد عثمانیہ یونیورسٹی کا ایک دو روزہ بین الاقوامی سمینار ( بہ اشتراک شجاعیہ ایجوکیشنل سوسائٹی ) بعنوان ’ حضرت میر شجاع الدین حسین قادری : حیات و خدمات ‘ کا 31 اگست اور یکم ستمبر 2019 کو انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ اس دو روزہ بین الاقوامی سمینار میں ممتاز عرب اسکالرز کے علاوہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی ، جامعہ ملیہ اسلامیہ ، دہلی یونیورسٹی ، کالی کٹ یونیورسٹی ، برکت اللہ یونیورسٹی ( بھوپال ) کے علاوہ مقامی جامعات جامعہ عثمانیہ ، ایفلو ، مولانا آزاد یونیورسٹی اور جامعہ نظامیہ کے نامور اسکالرز حضرت ممدوح کی حیات و خدمات پر اپنے تحقیقی مقالے پیش کریں گے ۔ اس سمینار کو مزید یادگار بنانے کے لیے حضرت کے ادارت مند اپنی قیمتی آراء کے ساتھ سجادہ نشین حضرت ممدوح مولانا سید شاہ عبید اللہ قادری المعروف آصف سے 9246501112 یا کنوینر پروگرام ڈاکٹر سید شجاع الدین قادری عزیز سے 9885217655 پر ربط کرسکتے ہیں ۔۔

افتتاح مسجد و مدرسہ رحمانیہ
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اپریل : ( راست ) : انتظامی کمیٹی مسجد و مدرسہ رحمانیہ دبیر پورہ کے بموجب 19 اپریل بروز جمعہ بعد نماز عشاء افتتاح مسجد و مدرسہ رحمانیہ مقرر ہے ۔ مہمان مقررین مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم اور مولانا مفتی محمد عبدالمغنی شرکت کریں گے ۔ جب کہ مہمانان اعزازی کی حیثیت سے جناب محمد قمر الدین چیرمین تلنگانہ اقلیتی کمیشن ، جناب سید فضل الرحمن شرکت کریں گے ۔ مسجد ہذا میں نماز جمعہ 1-15 بجے مقرر ہے جب کہ نماز عشاء 8-30 بجے ادا کی جائے گی ۔ جلسہ کا آغاز قاری عبدالمنان کی قرائت کلام سے ہوگا ۔ نعت شریف قاری ڈاکٹر طیب پاشاہ پیش کریں گے ۔ نظامت کے فرائض مولانا محمد اشرف علی انجام دیں گے ۔ نماز عشاء سے مسجد ہذا کا افتتاح عمل میں آئے گا اور بعد نماز عشاء علماء کرام خطاب کریں گے ۔۔