مذہبی خبریں

   

رمضان المبارک کے آخری عشرہ کا اعتکاف سنت موکدہ ہے
جامع مسجد ٹولی چوکی اور ’’ حمیدیہ ‘‘میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی کے خطابات
حیدرآباد ۔22؍مئی( پریس نوٹ) رمضان مبارک کے بے حد و شمار اور پر انوار پہلو ہیں جن میں نمایاں کلام حق تعالیٰ قرآن مجید کا نزول ہے۔ اس ماہ مبارک کے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں شب قدر کا پوشیدہ ہونا جس میں حضرت جبرئیل اور ملائکہ کا اترنا اورجو بندے عبادت الٰہی، یاد حق ،ذکر و تسبیح میں مشغول ہوں انہیں سلام کرنا اور ان عابدوں اور ذاکروں کے حق میں بارگاہ الٰہیہ میں دعاے خیر اور استغفار کرنا بڑی اہمیت رکھتا ہے۔ تاریخ اسلام کے نہایت اہم ، یادگار، انقلاب آفریں اور انوار حق و صداقت سے ساری انسانیت کو مالا مال کرنے والے فقید المثال واقعات اور فتوحات عظیمہ بھی اکثر رمضان المبارک میں پیش آے۔ بالخصوص غزوہ بدر میں اہل حق کی بے نظیر اور نہایت شاندار کامیابی اور فتح مندی اسی ماہ مقدس کی 17تاریخ کو ہوئی۔ فتح غزوہ بدر نے عرب ہی نہیں بلکہ سارے عالم کے حالات پر گہرے اثرات مرتب کئے اور دین حق اسلام کی عظمت کا دنیا کو احساس دلایا۔ اسی طرح مکہ مکرمہ کی فتح عظیم کا بھی اسی ماہ مبارک سے تعلق ہے بہر پہلو رمضان مبارک کی عظمت و فضیلت مسلمہ ہے اسی لئے اس کو تمام مہینوں کا سردار فرمایا گیا۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے رمضان مبارک کے روح پرور اور نورانی ماحول میں 15 رمضان المبارک کو بعد نمازظہر جامع مسجد ٹولی چوکی اور بعد نماز عصر’’ حمیدیہ‘‘ ، شرفی چمن ،سبزی منڈی قدیم میں روزہ دار مصلیوں کے نمائندہ اجتماع سے خطاب کی سعادت حاصل کرتے ہوے ان حقائق کا اظہار کیا۔ ڈاکٹرسید محمد حمید الدین شرفی نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوے کہا کہ خصائص و عبادات رمضان مبارک میں نماز تراویح اور اعتکاف بھی ہیں۔ نماز تراویح سنت موکدہ اور جماعت سے تراویح کی ادائیگی مناسب اور موجب سعادت ہے۔ تراویح میں ایک بار قرآن مجید کا ختم کرنا سنت ہے دوبار ختم کرنے میں فضیلت اور تین بار ختم کرناافضل ہے۔ رمضان شریف کے آخری عشرہ کا اعتکاف سنت موکدہ ہے اس کا بڑا اجر و ثواب ہے۔ انھوں نے کہا کہ رمضان مبارک میں اعمال صالحہ اور نیکیوں کے اجر و ثواب کی شرح میں بے پناہ اضافہ ہو جاتا ہے۔ اسی وجہ سے انفاق، خیرات، صدقات اور حاجت مندوں کی مالی اعانت کی سرگرمیاں نقطہ عروج پر ہوا کرتی ہے۔ مسلمان بالخصوص فریضہ زکوٰۃ کی ادئیگی کے لئے بھی اسی ماہ مبارک کو ترجیح دیا کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی کے حصول سے سرخرو ہو ا کرتے ہیں۔ انھوں نے اس ماہ مبارک میں راہ خدا میں خرچ کرنے والوں کو یاد دلایا کہ مستحق اور حاجت مند عزیز و اقارب کی اعانت میں دہرا اجر و ثواب ہے۔

قرآن کوحدیث سے سمجھیں: مولاناغوثوی شاہ کا خطاب
حیدرآباد۔ ۔22۔ مئی۔ )راست) بیت النور فورٹ ویو کالونی میں 19 مئی کو بعنوان “عظمتِ قرآن “سے مولانا غوثوی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کی آیات کا مفہوم جو حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم نے مِنَ اللّٰہ بیان فرمایا ہے وہی صحیح ہوگا۔ چنانچہ اس بناء پر قرآن کی آیات کو حدیث نبوی ؐ کی روشنی میں سمجھنا ضروری ہے۔ مجرد قرآن سے دین پوری طور پر نہیں سیکھا جاسکتا ہے کیونکہ قرآن کی نسبت ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ یُضِلُّ بِہِ کَثِیرًا وَّیَھْدِیْ بِہِ کَثِیْرًا‘‘بہتوں کو ہم اس سے گمراہ کرتے ہیں اور بہتوں کو اس سے ہدایت دیتے ہیں۔چنانچہ قرآن کی آیات کو بلا حدیث کی مدد سے سمجھنے کے اپنی فہم وقیاس سے سمجھ کر 72(بہتّر) فرقوں کی بنیاد پڑی ۔بغیر حدیث کے قرآن کو سمجھنے سے متعلق حدیث صحیح بخاری میں حضرت عبد اللہ ابن عمر ؓ فرماتے ہیں اِنَّھُمْ اَنْطَلَقُوا اِلٰی آیَاتِ نَزَلَتْ فِیْ الْکُفَّارِ فَجَعَلُوْھَا عَنک لَی الْمُؤمِنِیْنَ۔یعنی کچھ لوگ جو آیتیں کفّار کے تعلق سے نازل ہوئیں اُس کو مومنوں مسلمانوں پر چسپاں کرتے ہیں۔چنانچہ بغیر حدیث کے قرآن اور بغیر قرآن کے حدیث سمجھنا دشوار ہے لھٰذا قرآن وحدیث کو لازم وملزوم سمجھیں ۔ قرآن کو حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین نے بہترین طور پر سمجھا اور اس پر عمل بھی کیا پس ہم کو چاہیئے کہ ہم فہم صحابہ وعمل صحابہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فہم کے مطابق قرآن کو سمجھیں اور عمل کریں۔

دینی مذہبی سماجی نمائندہ تنظیموں کی کل جماعتیراونڈ ٹیبل کانفرنس
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : آل انڈیا صوفی علماء کونسل کے زیر اہتمام 27 مئی کو اردو گھر مغل پورہ میں شام 4 بجے شہر کے دینی مذہبی سماجی نمائندہ تنظیموں کی راونڈ ٹیبل کانفرنس بضمن مسجد یکخانہ عنبر پیٹ کی دوبارہ اسی مقام پر تعمیر کے لیے حکومت پر دباؤ برقرار رکھنے کے لائحہ عمل میں قطعیت دی جائے گی ۔ اور تمام کی متفقہ رائے پر کل جماعتی مشترکہ طور پر حکومت کی جانب سے شہر و اضلاع میں کی جانے والی دعوت افطار اور مسلمانوں کو دیئے جانے والے رمضان تحفہ کا بائیکاٹ کرنے کے لیے مسلمانوں سے اپیل پر اتفاق رائے کیا جائے گا ۔۔

عرس شریف
٭٭ حضرت سید رحمت اللہ شاہ قادریؒ و سید عباد اللہ شاہ قادریؒ کا عرس شریف 26 رمضان کو مقرر ہے ۔ بعد نماز ظہر 3 بجے دن قصیدہ بردہ شریف بعد نماز عصر تلاوت کلام پاک و ختم بعد نماز تراویح صندل مالی و تبدیل غلاف مبارک و گل فشانی ہوگی ۔ صندل مالی مسجد عباد اللہ سے برآمد ہو کر درگاہ شریف پہونچے گا ۔ مسجد عباد اللہ شاہ میں نماز عشاء 9-30 بجے ہوگی ۔ بعد نماز تراویح کے پیش امام و موذن صاحبین کی گلپوشی کی جائے گی ۔۔

جامع مسجد بلال مشیر آباد میں
جلسہ جنگ بدر
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی : ( راست ) : تحریک مسلم شبان کے زیر اہتمام جلسہ جنگ بدر 17 رمضان کو بعد نماز ظہر جامع مسجد بلال مشیر آباد میں منعقد ہوگا ۔ جنگ بدر تاریخ اسلام کی پہلی جنگ ہے جس میں 313 صحابہؓ نے شرکت کی ۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک کا بدر کی جنگ اور ہمارے لیے پیغام کے عنوان پر خطاب ہوگا ۔ جناب اختر علی صدر انجمن تاجران چرم ، جناب دلبر حسین معتمد مجلس انتظامی ، جناب بی اقبال احمد رکن پنچ کمیٹی و خازن انجمن جناب غلام محمد سابق صدر پنچ کمیٹی مشیر آباد مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ جناب محمد مظہر حسین کنوینر جلسہ نے بتایا کہ تحریک مسلم شبان کی مسلسل کوششوں سے ملت آج کئی مقامات پر جنگ بدر اور جشن فتح مکہ کے جلسے تلنگانہ و کرناٹک میں منعقد کرتی ہے ۔ جناب مجاہد مشتاق کنوینر شبان شعبہ فکر عمل ابتداء میں تحریک مسلم شبان کی جدوجہد کی رپورٹ پیش کریں گے ۔ قرائت کلام پاک اور ہدیہ نعت کے بعد جناب محمد مشتاق ملک کا بدر کے عنوان پر خطاب ہوگا ۔۔

جشن فتح مکہ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی : ( راست ) : تحریک مسلم شبان کے زیر اہتمام 20 رمضان بعد نماز ظہر جامع مسجد مشیر آباد میں 26 واں جشن فتح مکہ کا جلسہ عام جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک کی زیر نگرانی منعقد ہوگا ۔۔

جلسہ حضرت بی بی عائشہ صدیقہ ؓ برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی : ( راست ) : رائل فنکشن ہال کوٹلہ عالیجاہ چارمینار روڈ میں زیر اہتمام مدرسہ زہرا الہیہ نسواں 23 مئی کو 8 بجے صبح درود شریف ، ذکر اللہ ، صلوۃ حاجات کے لیے دعاؤں کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ جلسہ کا آغاز قرات کلام پاک امرین ، نعت شریف حافظہ سمرین فاطمہ ، تقریر حافظہ سمیرہ فاطمہ ، سیرت حضرت بی بی عائشہ صدیقہ ؓالحاجہ حافظہ واعظہ زہرا بلقیس بیان کریں گے ۔۔

فاتحہ حضرت شفیع ؒ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی : ( راست ) : سالانہ فاتحہ حضرت شفیع ؒ بموقعہ عرس حضرت شفیع ؒ خانقاہ غفوریہ صابر نگر نزد مسجد والا جاہی مقرر ہے ۔ بعد نماز تراویح 10-30 بجے شب محفل سماع منعقد ہوگی ۔ مابعد بمزار حضرت غلاف مبارک و پیش کشی چادر گل و فاتحہ خوانی ہوگی ۔۔

جلسہ فضائل رمضان المبارک و
جشن نزول قرآن کریم
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل ( انڈیا ) آئی ہرک کے زیر اہتمام یکم تا اختتام ماہ صیام ’فضائل رمضان المبارک و جشن نزول قرآن کریم ‘ سے معنون تیئسویں سالانہ حضرت تاج العرفاء یادگار خطابات کے سلسلہ میں 17 رمضان بعد نماز ظہر مسجد حاجی کمال دارالشفاء اور بعد عصر ’ حمیدیہ ‘ شرفی چمن میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی خطاب کریں گے ۔۔

سماعت قرآن برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی : ( راست ) : جامعتہ المومنات مغل پورہ کے زیر اہتمام 23 مئی جمعرات 9 بجے صبح حسب ذیل مقامات پر دو یومی سماعت قرآن برائے خواتین مفتیہ رضوانہ زرین کی نگرانی میں مقرر ہے ۔ بمکان محمد جاوید الدین تالاب کٹہ متصل مسجد کوثر میں حافظہ حفصہ فرحت ، حافظہ سیدہ شاہین ، حافظہ سیدہ ثمینہ بیگم ، بمکان میر شجاعت علی ارم منزل ہل ٹاپ کالونی پنجہ گٹہ میں حافظہ حلیمہ بیگم ، حافظہ کنیز فاطمہ ، بمکان سید عبداللہ آغا پورہ کلیم منزل میں حافظہ عارفہ قرآن مجید سنائیں گے ۔۔