مذہبی خبریں

   

آل انڈیا صوفی علماء کونسل کے مرکزی دفتر کا افتتاح
کونسل کی خدمات قابل تحسین ، مفتی صادق محی الدین کا خطاب
حیدرآباد : آل انڈیا صوفی علماء کونسل کے مرکزی دفتر واقع نو نمبر 9 کشن باغ میں کثیر اجتماع سے مفتی صادق محی الدین فہیم نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ للہیت کے بغیر فلاحی کام پائیدار نہیں ہوتے ۔ انہوں نے کونسل کے صدر مولانا حکیم صوفی سید شاہ محمد خیر الدین قادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کونسل کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے ۔ کونسل کے خدمات سے نہ صرف شہر حیدرآباد بلکہ مضافات کے مستحقین بھی استفادہ حاصل کررہے ہیں ۔ غریب و نادار میتوں کے لیے مفت کفن و عسل کا کونسل کی جانب سے انتظام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جو کونسل اس بنیادی مسئلہ پر خدمات انجام دے رہا ہے ۔ کونسل کی یہ خدمت نہ صرف قابل تحسین ہے بلکہ قابل تقلید بھی ہے ۔ مولانا نے کہا کہ خدمت خلق افضل ترین عبادت ہے ۔ جو لوگ ایسی خدمات انجام دے رہے ہیں وہ اللہ کی طرف سے ہدایت پر ہے ۔ صدر کونسل نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ کونسل مسلمانوں اور آئمہ و موذنین کے بنیادی مسائل پر حکومت سے نمائندگی کررہی ہے ۔ جناب سید سکندر معشوقی ، جناب سید سلیم ، جناب طاہر رومانی ، جناب محمد عبدالکریم نے شرکت کی ۔۔

آج تبدیلی غلاف مبارک
حیدرآباد : پہاڑی شریف درگاہ حضرت سیدنا بابا شرف الدین قبلہ کی مجلس ماہانہ اور تبدیلی غلاف مبارک 2 ذی قعدہ بروز چہارشنبہ بعد نماز عشاء مقرر ہے ۔ نماز عشاء 8-30 بجے ہوگی ۔ بعد نماز عشاء تبدیلی غلاف مبارک کی رسم انجام دی جائے گی ۔ بعد تبدیلی غلاف مبارک ختم قرآن قصیدہ بردہ شریف و سلام بحضور ﷺ میں گذرانا جائے گا ۔ مجلس کا اختتام الحاج پیر زادہ قاری سید فرید الدین سہروردی گدی نشین آستانہ عالیہ امام و خطیب مسجد بارگاہ کی دعا پر ہوگا ۔۔

اولیاء اللہ نے ہندوستان میں دین کو عام کیا : ڈاکٹر سراج الرحمن
حیدرآباد : اسلام کا حقیقی چہرہ ہویا اولیاء اللہ کے کردار اور تعلیمات کو داغدار بناکر پیش کرنا ذرائع ابلاغ کا مشغلہ بن گیا ہے ۔ ایسے حالات کا صبر و تحمل کے ساتھ اولیاء اللہ کی زندگی کو نمونہ بناکر کیا جانا چاہئے ۔ جنہوں نے مشن رسول اکرم ﷺ کو اپنا کر اندھی تقلید کرنے والی قوموں میں دعوت دین کے ذریعہ ہر طرف اسلام کو عام کیا ۔ خواجہ اجمیری سلطان الہند معین الدین چشتی ؒ نے جب ہندوستان میں قدم رکھا تو پرتھوی راج چوہان مہاراجہ کا زمانہ تھا ۔ آپ نے اس دور کو چھوت چھات سے نجات دلاکر لاکھوں کو دائرہ اسلام میں داخل کیا ۔ ان خیالات کا اظہار خطیب و ڈاکٹر محمد سراج الرحمن نے تربیتی اجلاس جامع مسجد پائیگاہ و بشیر باغ میں کیا ۔ آج امت مسلمہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ ہم بھی اگر دعوت دین حق کی محنت سے جڑ جائیں گے اور اسلام کی مساوات کی تعلیمات کو عام کریں گے تو یقینی طور پر اسلام غالب ہو کر رہے گا ۔ یہی ایک واحد راستہ ہے جو دشمن اسلام کے حق میں دندان شکن جواب ہوگا ۔ دعوت دین کی محنت کرنے والوں کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی غیبی مدد و نصرت رہتی ہے ۔ رزق میں برکت رہتی ہے ۔ ۔