مرد اور عورت کیلئے شادی کی یکساں عمر سے متعلق عرضی خارج

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کو اس عرضی پر غور کرنے سے انکار کر دیا جس میں مرد اور عورت دونوں کے لئے شادی کی کم از کم عمر 21 سال کرنے کی درخواست کی گئی تھی اور کہا کہ یہ عمر طے کرنے کیلئے پارلیمنٹ کو قانون بنانے کی ہدایت دینے جیسا ہوگا۔ چیف جسٹس جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ، جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس جے بی پاردی والا کی بینچ نے کہا کہ وہ اس معاملہ پر غور نہیں کرے گی اور یہ معاملہ مقننہ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔عدالت عظمیٰ نے 20 فروری کے اپنے حکم کا حوالہ دیا جس میں اس نے ایڈوکیٹ اشونی اپادھیائے کی طرف سے دائر ایک اور دیگر پی آئی ایل کو خارج کر دیا تھا۔ اس عرضی میں مردوں اور عورتوں کے لئے شادی کی قانونی عمر میں برابری کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔