مرکزی ملازمین کے گرانی الاؤنس میں 5فیصد اضافہ

   

نئی دہلی، 9اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے مرکزی ملازمین اور پنشن یافتگان کے لئے مہنگائی بھتہ کی ایک ساتھ پانچ فیصدکا اضافہ کرکے انہیں دیوالی کا تحفہ دیا ہے ۔عام طور پرمہنگائی بھتہ میں ایک سے دو فیصد کا اضافہ ہوتا رہا ہے لیکن اس مرتبہ پانچ فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے ۔یہ اضافہ یکم جولائی 2019 سے نافذ العمل ہوجائے گا۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج یہاں کابینہ کی میٹنگ میں اس کو منظوری دی گئی۔ میٹنگ کے بعد اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مرکزی ملازمین اور پنشن یافتگان کے لئے مہنگائی بھتہ 12 فیصد سے بڑھاکر 17 فیصد کردیا گیا ہے ۔اس سے سرکاری خزانہ پر 15909.35کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ اس میں سے رواں مالی سال میں جولائی سے فروری 2020 تک آٹھ ماہ میں 10606.20 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ مرکزی ملازمین کے مہنگائی بھتے میں اضافہ سے سرکاری خزانہ پر سالانہ 8590.20 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ رواں مالی سال میں جولائی سے فروری تک آٹھ ماہ میں 5726.80 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ آئے گا۔ پنشن یافتگان کے مہنگائی بھتے میں اضافہ سے سرکاری خزانہ پر سالانہ 7319.15 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔ رواں مالی سال میں جولائی سے فروری تک آٹھ ماہ میں 4870 کروڑ روپے کا بوجھ آئے گا۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کے اس فیصلے سے مرکزی حکومت کے 49.93لاکھ ملازمین اور 65.26 لاکھ پنشن یافتگان کو فائدہ ہوگا۔ ساتویں اجرت کمیشن کی سفارشات کے مطابق مہنگائی بھتے میں اضافہ کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی بڑھنے کے مدنظر یہ اضافہ کیا گیا ہے ۔

جموں و کشمیر میں بے گھر افراد کومالی مدد
نئی دہلی،9 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک کی تقسیم کے بعدپاکستان سے بے گھر ہوئے 5300خاندانوں کو فی خاندان ساڑھے پانچ لاکھ روپے کی مرکزی مدد دی جائے گی۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں چہارشنبہ کو یہاں منعقدہ کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ سال1947 میں ملک کی تقسیم اور سال 1948میں جموں و کشمیر کے ہندوستان میں شامل ہونے کے بعد پاکستان کے قبضے والے کشمیر سے 5300خاندان بے گھر ہوکر آئے ۔
یہ لوگ کشمیر میں رہنے کے بجائے دیگر ریاستوں میں چلے گئے تھے اور بعد میں پھر جموں کشمیر میں آکر مقیم ہوگئے ۔ ایسے خاندانوں کو امدا د کی رقم نہیں دی گئی تھی۔میٹنگ کے بعد اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے بتایا کہ ان خاندانوں کے ساتھ اب انصاف کیا گیا ہے ۔ اس امداد کے تحت ہر خاندان کو ساڑھے پانچ لاکھ روپے کی مدد ملے گی۔