مساجد کے مسئلہ پر مسلم پرسنل لا بورڈ کا 16 اگست کو اجلاس

,

   

(سیاست کی خبر کا اثر)
اہم مذہبی تنظیمیں مدعو، اجلاس پر مسلمانوں کی نظریں

حیدرآباد : آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے مقامی ذمہ داروں کا اجلاس 16 اگست کو طلب کیا گیا ہے جس میں سکریٹریٹ کے احاطہ میں شہید کردہ دونوں مساجد کی بازیابی کا جائزہ لیا جائے گا ۔ جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ مولانا ولی رحمانی نے تلنگانہ کے ارکان اور ذمہ داروں کو اجلاس طلب کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن مختلف وجوہات کے سبب اجلاس منعقد نہیں کیا گیا ۔ روزنامہ سیاست نے اجلاس کے انعقاد میں بعض گوشوں کی جانب سے رکاوٹوں سے متعلق رپورٹ شائع کی جس کے زیر اثر 16 اگست کو دارالعلوم حیدرآباد میں اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی ارکان کے علاوہ مسلم جماعتوں اور مذہبی تنظیموں کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائے گا تاکہ مساجد کی بازیابی کی حکمت عملی طئے کی جاسکے۔ مولانا ولی رحمانی نے چیف منسٹر کے سی آر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مقامی ذمہ داروں سے ملاقات کا مشورہ دیا ۔ واضح رہے کہ مساجد کی شہادت کے مسئلہ پر مقامی سیاسی جماعت اور مسلم تنظیموں پر مشتمل یونائٹیڈ مسلم فورم کی جانب سے میڈیا میں صرف بیانات جاری کئے جارہے ہیں۔ آج تک بھی فورم یا متحدہ مجلس عمل کا اجلاس طلب نہیں کیا گیا ۔ پرسنل لا بورڈ کے قومی جنرل سکریٹری کی ہدایت پر آخرکار بورڈ کے ارکان اور مذہبی تنظیموں کے نمائندوں کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔ مسلمانوں کی نظریں اجلاس پر رہیں گی اور دیکھنا یہ ہے کہ مساجد کی بازیابی کے لئے کیا صرف احتجاجی بیان جاری ہوگا۔ یا پھر احتجاجی حکمت عملی طئے کی جائے گی۔