مشرق وسطیٰ میں دہشت گردی کی سرپرستی روکنا ضروری :ہند

   

اقوام متحدہ : ہندوستان نے دہشت گردانہ قوتوں جیسے آئی ایس آئی ایل کی سرپرستی کو مکمل طور پر روکنے تمام متعلقہ فریقوں سے اپیل کی ہے اور کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن، استحکام اور ترقی کیلئے سب کو مل جل کر تعمیری انداز میں کام کرنا چاہئے۔ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے موضوع پر سلامتی کونسل کے کھلے مباحثہ میں تحریری بیان پیش کرتے ہوئے ہندوستان نے کہا کہ اس نے خطہ میں امن اور استحکام کیلئے کافی کام کیا ہے۔ اقوام متحدہ امن بردار فورسیس میں اپنے پرسونل کو شامل کیا ہے۔ انسانی بنیادوں پر اعانت پیش کی ہے، ترقیاتی تعاون بھی کیا ہے۔ ہندوستان نے کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان مصالحت سے غزہ کی صورتحال کی کشیدگی کم ہوئی ہے، اور امید ظاہر کی کہ عارضی صلح مستقل فائربندی میں تبدیل ہوجائے گی جس سے دونوں طرف قیمتی جانوں کو بچایا جاسکتا ہے اور بات چیت کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا جاسکتا ہے۔ اقوام متحدہ کیلئے ہندوستان کے مستقل نمائندہ و سفیر ٹی ایس تری مورتی کا یہ بیان سلامتی کونسل کے سرکاری ریکارڈ میں محفوظ رہے گا۔