معاملے کی سی بی ائی سے جانچ کے متعلق ارنب گوسوامی کی درخواست کو سپریم کورٹ نے کیا مسترد

,

   

نئی دہلی۔ رپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر ان چیف ارنب گوسوامی کی جانب سے مبینہ طور پر فرقہ وارانہ ریمارکس کے متعلق ممبئی پولیس کے دائر کردہ معاملے کی جانچ سی بی ائی کے سپرد کرنے کے اپیل پر مشتمل درخواست کو منگل کے روز سپریم کورٹ نے مسترد کردیاہے۔

عدالت نے ایف ائی آر کو منسوخ کرنے کے لئے ارنب کی جانب سے لگائی گئی گوہار کو بھی مسترد کردیاہے۔ عدالت نے کہاکہ ”ارٹیکل32کے تحت ایف ائی آر کی منسوخی ممکن نہیں ہے۔

مذکورہ درخواست گذار کو پوری آزادی ہے کہ وہ مجاز عدالت میں اس کا حل تلاش کرے“۔مئی 11کے روزجسٹس چندرا چوڑ اور ایم آر شاہ پر مشتمل ایک بنچ نے تحریری درخواست پر فیصلہ محفوظ کردیاتھا۔

تاہم مذکورہ بنچ نے 24اپریل کو سنائے گئے عبوری فیصلے کی تصدیق کی ہے‘ جس میں مختلف جگہ پر درج ایف ائی آر کو ایک جگہ لانے کی او رممبئی منتقل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

اپریل24کو دئے جانے والے عبوری تحفظ میں تین ہفتوں کی توسیع کردی گئی ہے۔ انہیں تحفظ فراہم کرنے کے متعلق ممبئی پولیس کمشنر کو مزید ہدایت دی گئی ہے۔

مذکورہ عدالت نے اس بات کی بھی وضاحت کردی ہے اس معاملے میں مزید ایف ائی آر درج نہیں کئے جانے چاہئے اور ٹی ٹی انٹونی معاملہ میں پیش نظر مزید ایف ائی آروں کو منسوخ کردیاجائے۔

سنوائی کے دوران مذکورہ بنچ نے زبانی طور پر یہ مانا ہے کہ گوسوامی کے لئے ممبئی ہائی کورٹ میں موثر علاج دستیاب ہے۔ گوسوامی کی طرف سے سینئر وکیل ہرش سالوے پیش ہوئے تھے۔