مغربی بنگال میں ممتابنرجی کے اقتدار کی ہیٹ ٹرک

,

   

تاملناڈو میں ڈی ایم کے کو 10 سال بعد تشکیل حکومت کا موقع ، آسام میں بی جے پی حکومت کی برقراری
کیرالا میں پنارائی وجین کی جیت ‘ پڈوچیری میں اے آئی این آر سی کی زیر قیادت این ڈی اے کو اقتدار

کلکتہ۔ مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس نے شاندار کامیابی حاصل کی اور 292 نشستوں کے منجملہ 196 پر کامیابی کے ساتھ اکثریت حاصل کرلی ہے۔ اس طرح ممتابنرجی کی یہ ہیٹ ٹرک ہے جو ریاست میں تیسری مرتبہ ترنمول کانگریس کی حکومت قائم کریں گی۔ شاندار کامیابی کے بعد ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ بنگال کے عوام کی جیت ہے۔ میں تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں، انہوں نے پارٹی ورکروں کو سڑکوں پر اتر کرجشن منانے سے باز آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اپنے گھروں میں چلے جائیں، جب کہ بی جے پی کو صرف معمولی نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی اور پوری طاقت جھونک دینے کے باوجود اس کو مغربی بنگال میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ نئی تشکیل شدہ جماعت آئی ایس ایف بھانگرسے جیت درج کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ آئی ایس ایف کے سربراہ عباس صدیقی کے بھائی نوشاد صدیقی نے جیت حاصل کرلی ہے۔ ترنمول کانگریس نے 2011 اور 2016 میں بھی بڑی جیت حاصل کی ہے۔ بی جے پی نے اس مرتبہ کئی سینئر لیڈروں کو میدان میں اتارا تھا جنہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مرکزی وزیر بابل سپریہ ٹالی گنج اسمبلی حلقہ سے انتخاب ہار گئے، جب کہ بی جے پی کے سابق ریاستی صدر راہل سنہا اس مرتبہ بھی جیت حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ تاہم ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل مکل رائے کرشنا نگر شمال سے جیت حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ تاملناڈو میں ایک دہے کے بعد اپوزیشن ڈی ایم کے نے اپنے کٹر حریف اے آئی ڈی ایم کے خلاف بہ آسانی فتح حاصل کرلی ہے۔ ڈی ایم کے کے 68 سالہ صدر ایم کے اسٹالن پہلی مرتبہ چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالیں گے۔ ڈی ایم کے کی زیر قیادت اتحاد نے شاندار کامیابی حاصل کرلی ہے۔ اسی طرح کیرالا میں گزشتہ چار دہوں کے دوران موجودہ حکومت نے دوسری میعاد میں بھی حکومت تکیل دے گی۔ پنا رائی وجین 76 سالہ سی پی آئی ایم کے سینئر قائد ہیں جو کیرالا کی تاریخ میں تیسرے چیف منسٹر ہیں جو دوسری بار منتخب ہوئے ہیں اور انہوں نے اپنی میعاد پوری مکمل کی ہے۔ توقع ہے کہ ایل ڈی ایف کو 95 اور 100 کے درمیان نشستیں حاصل ہوں گیں۔ آسام میں بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت دوسری میعاد کے لئے حکومت تشکیل دے گی۔ 126 رکنی اسمبلی میں اسے 74 نشستوں پر کامیابی حاصل ہونے کی امید ہے۔ کانگریس کی زیر قیادت اتحاد کو 50 نشستیں مل سکتی ہیں۔ پڈوچیری میں اے آئی این آر سی کی زیر قیادت این ڈی اے 13 سیٹوں پر کامیابی کے ساتھ حکومت تشکیل دے گا۔ اس اتحاد کو 16 نشستیں ملی ہیں جبکہ کانگریس کو 8 نشستوں پر کامیابی ملی ہے، دیگر 6 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔

نندی گرام کے سنگرام میں ممتا بنرجی کوشکست!
شوبھیندو ادھیکاری کی 1622 ووٹوں سے کا میابی
کولکاتہ : مغربی بنگال میں ممتا بنرجی ایک مرتبہ پھر اقتدار میں واپس آتی ہوئی نظر آرہی ہیں اور اس مرتبہ پچھلی مرتبہ سے بھی بڑی جیت کے ساتھ وہ اقتدار پر واپس ہونگی۔ اب تک کے رجحانات کے مطابق ٹی ایم سی کے 217 سیٹیں جیتنے کی امیدیں ہیں جبکہ بی جے پی کو 80 سے بھی کم پر اکتفا کرنا پڑ رہا ہے۔ وہیں لیفٹ اور کانگریس کا صفایا ہوگیا ہے۔تاہم مغربی بنگال کے سب سے بڑے مقابلہ یعنی نندی گرام میں ممتا بنرجی کی شکست کی خبریں ہیں۔ اس سے پہلے ایسی خبریں اآئی تھیں کہ ممتا نندی گرام سے 1200 ووٹوں سے جیت گئی ہیں۔ تاہم اب خبریں اآرہی ہیں کہ ممتا بنرجی الیکشن ہار گئی ہیں اور شوبھیندو ادھیکاری نے1622 ووٹوں سے جیت حاصل کرلی ہے۔دوسری طرف ریاست ترنمول کانگریس 200 سے زیادہ نشستوں پر سبقت حاصل ہے جس سے ریاست میں پارٹی کی تیسری مرتبہ شاندار کامیابی کا جشن منایا جارہا ہے۔