مغلوں کی توہین نہ کی جائے: نصیر الدین شاہ

   

نئی دہلی: بالی ووڈ کے منجھے ہوئے اداکار نصیر الدین شاہ نے حال ہی میں مغلوں کے حوالے سے ایک بیان دیا ہے۔ شاہ ان دنوں زی 5 کی ویب سیریز ‘تاج۔ ڈیوائیڈڈ بائی بلڈ’ کے لیے سرخیوں میں ہیں۔ اس میں انہوں نے اکبر بادشاہ کا کردار ادا کیا۔ یہ ویب سیریز مغلوں کے دور حکومت میں بادشاہوں اور شہنشاہوں کے کام اور جانشینوں کے بارے میں ہے۔ نصیر الدین شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مغلوں کی توہین نہ کی جائے۔انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے شاہ نے کئی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اداکار کا کہنا ہے کہ جو لوگ ان کے خیالات کی مخالفت کرنے کے عادی ہیں وہ انہیں کبھی نہیں سمجھ سکیں گے۔ شاہ سے پوچھا گیا کہ وہ ایک ایسے ملک کو کس نظر سے دیکھتے ہیں جو یہ مانتا ہے کہ اس میں جو کچھ غلط ہوا ہے وہ مغلوں کا ہے۔ اس پر شاہ نے کہاکہ یہ بات حیران کردینے والی ہے، کیونکہ یہ بہت مضحکہ خیز ہے۔شاہ نے مزید کہا کہ مغل یہاں لوٹ مار کرنے نہیں آئے تھے۔ وہ اسے اپنا گھر بنانے کیلئے یہاں آئے تھے اور انھوں نے یہی کیا۔ ان کے تعاون سے کون انکار کر سکتا ہے؟ شاہ نے کہاکہ یہ سوچنا کہ مغلوں میں صرف برائی تھی، ملکی تاریخ کی سمجھ کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔