مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ میں خان لطیف محمد خان اڈوانسڈ کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیٹکس سنٹر کا افتتاح

   

حیدرآباد۔/22 مارچ،( سیاست نیوز) مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی میں اڈوانسڈ کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیٹکس لیب کو سابق صدرنشین سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی جناب خان لطیف محمد خان مرحوم سے موسوم کیا گیا ہے۔ جناب خان لطیف محمد خان مرحوم کی اہلیہ ڈاکٹر فیاض النساء کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ جناب خان لطیف خان کی تعلیم اور دیگر شعبہ جات میں قوم و ملت کیلئے نمایاں خدمات کو خراج عقیدت کے طور پر اڈوانسڈ کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیٹکس لیب کو قائم کرتے ہوے ان کے نام سے موسوم کیا گیا۔ اس موقع پر سوسائٹی کے صدرنشین محمد ولی اللہ، اعزازی سکریٹری ظفر جاوید، خازن ڈاکٹر میر اکبر علی خاں، اراکین ایس اے وہاب، مسعود عبدالقادر، ابراہیم علی صدیقی، نثار احمد، عامر جاوید، عقیل احمد اور دوسرے موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محترمہ ڈاکٹر فیاض النساء نے سوسائٹی سے اظہار تشکر کیا اور تعلیم و دیگر شعبہ جات میں مرحوم خان لطیف خان کے ویژن اور خدمات کو جاری رکھنے کی ستائش کی۔ نئے سنٹر کے قیام پر 95 لاکھ روپئے کے مصارف آئے ہیں جو جدید ترین کمپیوٹنگ کی سہولیات کے ساتھ بنیادی انجینئرنگ شعبہ جات میں انڈر گریجویٹ سطح پر انٹیک پروفائیل میں تبدیلی کے سبب اعلیٰ کارکردگی کی کمپیوٹنگ ضروریات کی تکمیل کرتا ہے۔ بنیادی انجینئرنگ برانچس سے آئی ٹی اور اس سے منسلک شعبہ جات میں منتقلی میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ نئے سنٹر میں 66 انتہائی عصری کمپیوٹرس، سرور، آڈیو ویژول ایڈس اور جدید ترین کمپیوٹنگ سافٹ ویر موجود ہے۔ یہ سنٹر انجینئرنگ، مینوفیکچرنگ، ای کامرس، ہیلت کیئر اور دیگر شعبہ جات میں کمپیوٹنگ انفرااسٹرکچر کے ذریعہ عصری ٹکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جاسکتا ہے۔ ڈیٹا سائینس، مصنوعی ذہانت، ڈیپ لرننگ، بلیک چین اور دیگر ٹکنالوجیز میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس موقع پر ڈاکٹر بشیر احمد ڈائرکٹر، مہیپال سنگھ راوت، پروفیسر اشفاق جعفری، پروفیسر سید فرحت اللہ حسینی، کے وی این راؤ اور مختلف کالجس کے پرنسپلس موجود تھے۔ر