ملاوی میں طوفان فریڈی سے متاثرہ افراد کیلئے اقوام متحدہ کی امداد جاری

   

326 ہلاکتیں، اب تک پانچ لاکھ سے زائد افراد متاثر، ہیضہ پھیلنے کا اندیشہ

اقوام متحدہ: مشرقی افریقی ملک ملاوی میں سمندری طوفان فریڈی سے کم از کم 326 ہلاکتوں سمیت 500000 سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور (او سی ایچ) نے کہا کہ حکومت نے صرف جمعرات کو راحت اور بچاؤ کی کارروائیوں کے دوران 442 افراد کو بچائے جانے کی اطلاع دی ہے ۔ وہیں 180,000 سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ دفتر نے کہا کہ سیلاب کا پانی کم ہونے کے ساتھ ہی حکومت کی زیرقیادت امدادی سرگرمیاں پھیلتی ہیں اور بے گھر لوگوں تک پہنچنے پر توجہ مرکوزکی جاتی ہے ۔ او سی ایچ اے نے کہا کہ زمینی سطح پر انتہائی مشکل حالات کی وجہ سے کچھ علاقے ابھی بھی کٹے ہوئے ہیں۔ امدادی کارکن ان علاقوں تک رسد، راحت اور بچاؤ کی کوششوں کے لئے ہوائی نقل و حمل اور کشتیوں کو جمع کررہے ہیں جہاں سڑک کے ذریعے رسائی ممکن نہیں ہے ۔ دفتر نے کہا کہ انسانی ہمدردی کے شراکت دار سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں، خاص طور پرایسے مقامات جہاں بے گھر ہونے والے زیادہ ہیں، ہیضے کے پھیلنے کے خطرے کے بارے میں فکر مند ہیں۔ اقوام متحدہ چلڈرن فنڈ (یونیسیف) اور اس کے شراکت داربلانٹائر میں پناہ گاہوں کے طور پر کام کرنے والے اسکولوں میں بیت الخلاء کو صاف کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے پانی ذخیرہ کرنے والے بلیڈر بھی نصب کریں گے ۔