ملک میں بلا وقفہ برقی سربراہی کیلئے وسیع تر منصوبہ بندی ضروری

,

   

تلنگانہ میں بیشتر شعبوں کو معیاری برقی سربراہی یقینی بنانے میں بڑی حد تک کامیابی: کے سی آر

حیدرآباد۔18اگسٹ(سیاست نیوز) ملک بھر میں معیاری اور بلا وقفہ برقی سربراہی کے لئے وسیع تر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ۔ ملک بھر میں جو برقی پیداوار ہے اس کی نصف برقی بھی استعمال نہیں ہوتی لیکن اس کے باوجود بھی ملک کے بیشتر علاقہ اب تک تاریکی میں ہیں اور کئی علاقوںمیں غیر معیاری برقی سربراہ کی جا رہی ہے ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج صدرنشین پاؤر فینانس کارپوریشن مسٹر راجیو شرما سے ملاقات کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک میں معیاری اور بلا وقفہ برقی سربراہی کے ذریعہ ملک کی مجموعی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے اور اس کیلئے وسیع تر پیمانے پر منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کئے گئے وسیع منصوبہ کے سبب آج ریاست تلنگانہ میں بیشتر تمام شعبوں کو حکومت کی جانب سے معیاری اور بلا وقفہ برقی سربراہی یقینی بنانے میں بڑی حد تک کامیابی حاصل کی جا چکی ہے۔ حکومت تلنگانہ نے جب اقتدار حاصل کیا اس وقت ریاست سنگین برقی بحران کا شکار تھی اور اسی لئے حکومت تلنگانہ نے سب سے پہلے برقی بحران سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی تیار کی اور اس منصوبہ بندی میں حکومت کو کامیابی حاصل ہونے کے سبب ریاست تلنگانہ اب برقی بحران کا شکار نہیں ہے بلکہ ریاست فاضل برقی پیدا کرنے والی ریاستوں میں شامل ہوچکی ہے۔ صدرنشین پاؤر فینانس کارپوریشن مسٹر راجیو شرما جو کہ گذشتہ تین یوم سے ریاست کے مختلف اضلاع

اور کالیشورم پراجکٹ کا معائنہ کر رہے تھے وہ آج پرگتی بھون پہنچ کر چیف منسٹر سے ملاقات کئے اور ان کی جانب سے برقی پیداوار کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی ستائش کی ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی صدرنشین پاؤر فینانس کارپوریشن سے ملاقات کے دوران مسٹر ڈی پربھاکر راؤصدرنشین و منیجنگ ڈائریکٹر تلنگانہ جینکو اور ٹرانسکو‘ حکومت کے مشیر اعلی مسٹر راجیو شرما‘ چیف سیکریٹری مسٹرایس کے جوشی‘پرنسپل سیکریٹری برائے دفتر چیف منسٹر مسٹر نرسنگ راؤمسز سمیتا سبھروال‘مسٹر بھوپال ریڈی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ملک میں برقی صورتحال اور کئی مواضعات کے تاریکی میں ہونے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات سے اب دیہی علاقوں کو نکالنے کیلئے مثبت اقدامات کی ضرورت ہے اور حکومت کی جانب سے وسیع تر منصوبہ بندی کی صورت میں ان حالات کو تبدیل کیا جاسکتا ہے ۔