ملک کی ترقی کیلئے اختراعیت ضروری، انجینئرس ڈے پر گورنر کا خطاب

,

   

حیدرآباد : گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن نے آج کہاکہ ملک کی ترقی کے لئے اختراعیت کلیدی اہمیت کی حامل ہے اور انجینئرس کو مسائل کی یکسوئی کے لئے اختراعی ذہنیت اور جذبہ کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔ وزیراعظم کے خود انحصار ہندوستان کے ویژن کو پورا کرنے کے لئے انجینئرنگ شعبہ میں اختراعی نظریات کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرس آف انڈیا تلنگانہ اسٹیٹ سنٹر کے زیراہتمام 53 ویں انجینئرس ڈے ورچول تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ انجینئرنگ کا شعبہ تیزی سے تبدیل ہورہا ہے اور انجینئرس کے لئے ضروری ہے کہ وہ وقت اور رجحانات کے ساتھ خود کو تبدیل کریں۔ یہ دور انجینئرس کا ہے۔ کورونا وائرس کی وباء کے اِس دور میں اُن کے رول کو اور بھی زیادہ اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔ ملک کی تعمیر میں انجینئرس کے رول کی اُنھوں نے ستائش کی اور اِس موقع پر بھارت رتن ایم ویشویشوریا کی ملک کی ترقی میں گرانقدر خدمات کو یاد کیا جن کی 160 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اِن تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ گورنر نے کہاکہ عصری ڈیگناسٹک آلات کی تیاری کے ذریعہ انجینئرس نے طب کے شعبہ میں گرانقدر حصہ ادا کیا ہے جبکہ پی پی ای کٹس، ٹسٹنگ کٹس اور اُن کی برآمدات میں ملک کو خود مکتفی بنانے میں بھی اُن کا رول اہمیت کا حامل ہے۔