ملک کی کئی ریاستوں میں بارش کا سلسلہ جاری

   

درجہ حرارت میں گراوٹ ‘ غیرموسمی بارش سے فصلوں کو نقصان

نئی دہلی: دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں سمیت کئی ریاستوں میں رات میں اور صبح کے وقت ہونے والی بارش کے سبب درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دہلی سے لے کر اتر پردیش تک ملک کی کئی ریاستوں میں آنے والے چند دنوں تک گرمی محسوس نہیں ہوگی۔ پنجاب، ہریانہ، دہلی، اتر پردیش، راجستھان اور چنڈی گڑھ میں 18 سے 20 مارچ تک بارش ہو سکتی ہے۔ مغربی اور وسطی ریاستوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ دیکھنے کو ملے گا اور دن کے وقت درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی جائے گی۔دہلی، نوئیڈا، غازی آباد اور فرید آباد سمیت آس پاس کے کئی علاقوں میں صبح کے وقت بارش ہوئی۔ نئی دہلی میں آج یعنی 18 مارچ کو صبح کے وقت ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی کی وجہ سے موسم میں تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔ بارشوں کا یہ سلسلہ 19 اور 20 مارچ کو بھی جاری رہ سکتا ہے۔ لکھنؤ میں گرج چمک کے ساتھ ایک یا دو بار بارش ہو سکتی ہے۔ موسم کی پیشن گوئی کرنے والی ایجنسی اسکائی میٹ کے مطابق، ساحلی آندھرا پردیش، جنوبی چھتیس گڑھ، ناگالینڈ، منی پور اور تلنگانہ اور سکم کے کچھ حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ ایک یا دو مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔ جبکہ ہندوستان کے باقی حصوں، بہار کے کچھ حصوں، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، باقی آندھرا پردیش، تمل ناڈو اور کیرالہ میں ایک یا دو مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔غیر موسمی بارش سے کئی ریاستوں میں فصلوں کو نقصان ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔