ملک گیراین آر سی کی ضرورت نہیں : نتیش کمار

,

   

پٹنہ ۔13 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کہاکہ ملک بھر میں نیشنل رجسٹر آف سٹیزنس ( این آر سی) پر عمل آوری ضروری نہیں ہے اور اس کو حق بجانب قرار نہیں دیا جاسکتا ہے ۔ ریاستی اسمبلی میں آج خطاب کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ اُن کی حکومت نیشنل پاپولیشن رجسٹر ( این پی آر ) پر عمل آوری سے اُصولی طورپر اتفاق کرچکی ہے جیسا کہ دس سال قبل کیا گیا تھا ۔ نتیش کمار نے زور دیکر کہا کہ مردوم شماری طبقات کی بنیاد پر ہونی چاہئے ۔ انھوں نے کہاکہ این پی آر سے متعلق تفصیلات پر وہ ایوان میں مباحث کے لئے تیار ہیں ۔ انھوں نے درج فہرست طبقات اور درج فہرست قبائل کے لئے لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں تحفظات میں دس سال اضافہ کیلئے اسمبلی کے ایک روزہ خصوصی اجلاس میں دستوری ترمیم کی متفقہ طورپر حمایت کے لئے ارکان کا شکریہ ادا کیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی پاس ہی بیٹھے تھے جب نتیش کمار خطاب کررہے تھے۔ نتیش کمار نے کہاکہ وہ ماحولیات کے تحفظات سے متعلق جل جیون ہریالی مہم پر کام کررہے ہیں ، اس سے متعلق تمام اُمور پر اسمبلی کے اگلے اجلاس میں تبادلۂ خیال کیا جائے گا ۔