ملیشیا میںدنیا کی دوسری بلند ترین عمارت کی تعمیر

   

کوالالمپور: ملیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں 118 منزلہ عمارت تعمیر کی جارہی ہے جو شہر کے مختلف حصوں سے صاف نظر آجاتی ہے جس کی بلندی 2227 فٹ ہے۔ دبئی کی برج خلیفہ کی بلندی 2717 فٹ ہے اور اس وقت دوسری بلند ترین عمارت شنگھائی ٹاور کی بلندی 2073 ہے۔30 نومبر کو اس کی تکمیل کے اختتامی مرحلے کی تقریب میں ملیشیا کے وزیراعظم اسماعیل صابری یعقوب نے اس منصوبے کو مستقبل کا آئیکونک ٹاور قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف انجنیئرنگ کی بے مثال کامیابی ہے بلکہ اس سے ملیشیا کے جدید اور ترقی پذیر ملک ہونے کا موقف مزید مستحکم ہوگا ۔یہ عمارت 31 لاکھ اسکوائر فٹ رقبے پر پھیلی ہوئی ہے جس میں سے 50 فیصد سے زیادہ حصہ دفاتر کے لیے مختص ہوگا۔اس کے علاوہ ٹاور میں ایک شاپنگ مال، ایک مسجد، پارک حیات ہوٹل اور جنوب مشرقی ایشیا کا بلند ترین آبزرویشن ڈیک بھی ہوگا۔4 ایکڑ کے وسیع رقبے میں عوامی مقامات اور ایک پارک بھی گراؤنڈ لیول پر ہوگا۔اس منصوبے کے پیچھے آسٹریلین ماہر تعمیرات فینڈر کیٹسالڈز تھے اور ان کا کہنا ہے کہ اس عمارت کا تکونی انداز ملیشیا کی ثقافت کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ڈیزائن اس ملک کے لوگوں کی بھرپور ثقافت کا عکاس ہے۔اس عمارت کو تعمیر کرنے والی کمپنی کے مطابق دنیا کی دوسری بلند ترین عمارت کے اعزاز کا حصول ایک اضافہ بونس ہے۔اس عمارت کی تعمیر کا اعلان 2010 میں ہوا تھا جبکہ اس کی بنیاد 5 سال قبل رکھی گئی۔ویسے یہ عمارت 2021 میں ہی عوام کے لیے کھولی جانی تھی مگر مارچ 2020 میں کووڈ پابندیوں کے باعث اس کا تعمیراتی کام عارضی طور پر رک گیا تھا۔