ممبئی : ٹرین اسٹیشن کے نزدفٹ اوور برج منہدم ، 5ہلاک

,

   

ممبئی ۔ 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی ممبئی میں ایک ٹرین اسٹیشن کے قریب آج شام فٹ اوور برج کا بڑا حصہ منہدم ہوگیا جس کے نتیجہ میں پانچ افراد ہلاک اور 29 دیگر زخمی ہوگئے، عہدیداروں نے یہ بات کہی۔ یہ برج جو ٹائمس آف انڈیا بلڈنگ کے قریبی علاقہ کو مشہور سی ایس ایم ٹی اسٹیشن سے جوڑتا ہے وہ بالعموم ’قصاب برج‘ کے طور پر معروف ہے کیونکہ 26/11 ممبئی حملہ کا دہشت گرد حملہ کے دوران اسی برج سے گذرا تھا۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے عہدیدار نے کہا کہ تمام زخمیوں کو قریبی ہاسپٹلس سے رجوع کیا گیا ہے۔ نئی دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی نے ممبئی کے اس حادثہ میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹوئیٹ میں زخمیوں کیلئے عاجلانہ صحتیابی کیلئے نیک تمنا ظاہر کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مہاراشٹرا متاثرین کی تمام ممکنہ اعانت کررہی ہے۔ تاہم، کانگریس نے بی جے پی زیرقیادت مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو برج کے اس انہدام کا موردالزام ٹھہرایا اور کہا کہ وہ بے عملی کے مرتکب ہوئے ہیں اور اس لئے وزیرریلوے پیوش گوئل کے اخراج کا مطالبہ کیا۔ صدر کانگریس راہول گاندھی نے مہلوکین کے خاندانوں کو پرسہ دیا اور زخمیوں کی عاجلانہ صحتیابی کیلئے دعا کی۔ ایک عینی شاہد نے کہا کہ جب برج منہدم ہوا تب قریبی سگنل پر سرخ بتی تھی اور یہی وجہ ہیکہ جانی نقصان زیادہ نہیں ہوا۔ ایک اور عینی شاہد نے کہا کہ اوور برج آج صبح مرمت کے کام کے باوجود استعمال کیا جارہا تھا۔ پل منہدم ہونے کا واقعہ شام میں تقریباً 7:30 بجے پیش آیا۔ اس وقت پل کے نیچے سے بعض لوگ گاڑیوں پر گذر رہے تھے اور وہی اس حادثہ کا شکار ہوئے۔