منڈسور فائرنگ میں کسی کو کلین چٹ نہیں دی گئی : ڈ گ وجئے سنگھ

,

   

شاجاپور (ایم پی) ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ نے کہا ہیکہ منڈسور میں پیش آئے پولیس فائرنگ واقعہ کی دوبارہ تحقیقات کی جائے گی اور اس کیس میں کسی کو کلین چٹ نہیں دی گئی ہے۔ یہ واقعہ مدھیہ پردیش کی سابقہ بی جے پی حکومت کے دوران پیش آیا تھا جس میں 6 کسان مارے گئے۔ ایک تنازعہ اس وقت پیدا ہوا جب وزیرداخلہ بال بچن نے اس ہفتہ کے اوائل اسمبلی کو بتایا تھا کہ 2017ء کی پولیس کارروائی خود کے دفاع میں کی گئی اور سرکاری و خانگی املاک کی حفاظت ہی مقصد تھا۔ اس طرح عملاً شیوراج سنگھ چوہان نظم ونسق کے موقف کی توثیق ہوتی ہے۔ تحریری بیان نے پردیش کانگریس کو برہم کردیا، جس نے منڈسور پولیس فائرنگ کو کلیدی انتخابی مسئلہ بنایا تھا۔ کانگریس مدھیہ پردیش میں 15 سال کے وقفہ کے بعد گذشتہ سال اقتدار پر واپس ہوئی ہے۔ ڈگ وجئے نے کل شب یہاں ایک تقریب کے موقع پر اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ضلع منڈسور میں پولیس فائرنگ کی دوبارہ تحقیقات کی جائے گی اور کسی کو بھی کلین چٹ نہیں دی گئی ہے۔ جون 2017ء کسانوں کے ایجی ٹیشن کے دوران فائرنگ کی گئی تھی جس میں 6 کسان ہلاک ہوئے۔