مودی ،یوگی کیخلاف نعروں پر زندہ دفن کردینے کی دھمکی

,

   

علیگڑھ۔13 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی لیڈر رگھوراج سنگھ نے متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور اُترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف نعرے لگانے والوں کو ’’زندہ دفن کردیا جائے گا ‘‘، علیگڑھ میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے یہ متنازعہ بیان دیا ۔ یہ ریالی شہریت ترمیمی قانون کی حمایت اور اس سے متعلق شعور بیداری کے لئے منظم کی گئی تھی ۔ انھوں نے انتباہ دیا کہ ’’مٹھی بھر لوگ ، ایک فیصد کریمنلس اور کرپٹ لوگ وزیراعظم مودی اور چیف منسٹر اُترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ مردہ باد کہہ رہے ہیں ‘‘ ۔ انھوں نے کہاکہ ’’مودی اور یوگی وہ نہیں ہیں جو پریشان ہوجائیں گے۔ مودی اور یوگی ملک کو چلائیں گے اور ایسے ہی چلائیں گے ‘‘ ۔ انھوں نے کہا کہ یہ لوگ داؤد ابراہیم سے رقم لیکر ہمارے آفیسرس کو پریشان کررہے ہیں ۔ رگھوراج سنگھ کا واضح اشارہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلباء کے حالیہ احتجاج کی طرف تھا ۔ اس ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی بی جے پی نے فوری طورپر خود کو اس متنازعہ بیان سے الگ کرلیا۔ پارٹی ترجمان چندراموہن نے کہا کہ رگھوراج سنگھ نہ تو وزیر ہیں اور نہ ہی رکن اسمبلی ہیں۔ لیبر ویلفیر کونسل کے صدرنشین سنیل بھرالا نے کہاکہ رگھوراج سنگھ لیبر ڈپارٹمنٹ کے ایک یونٹ میں ایڈوائزر ہیں۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ بی جے پی قائدین کی جانب سے اکثر و بیشتر متنازعہ بیانات دیئے جارہے ہیں جس سے عوام میں کشیدگی کا ماحول پیدا ہورہا ہے ۔ بی جے پی قیادت ایسے قائدین کے بیانات سے اکثر لاتعلقی کا اظہار کررہی ہے لیکن ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے ۔