مودی نے اتحاد کی پیشکش کی ، میں نے مسترد کردی :پوار

,

   

ممبئی ۔ 2 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) سربراہ این سی پی شردپوار نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ساتھ ملکر کام کرنے کی تجویز رکھی تھی لیکن اُنھوں نے اس پیشکش کو ٹھکرادیا۔ پوار نے مودی کیلئے واضح کردیا کہ اُن کیلئے پی ایم کے ساتھ ملکر کام کرنا ممکن نہیں ہے ۔ پوار نے پیر کو ایک مرٹھی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں کہا کہ مودی نے اتحاد بنانے کی پیشکش کی لیکن اُنھوں نے واضح کیا کہ ہمارے شخصی تعلقات کافی اچھے ہیں اور وہ ایسے ہی رہیں گے لیکن ہمارے لئے ساتھ ملکر کام کرنا ممکن نہیں ہے ۔ پوار نے ان رپورٹس کو خارج کردیا کہ مودی حکومت نے اُنھیں ہندوستان کا صدرجمہوریہ بنانے کی پیشکش کی تھی۔ تاہم پوار نے کہاکہ مودی زیرقیادت کابینہ میں سپریہ (سولے ) کو وزیر بنانے کی پیشکش ضرور سامنے آئی تھی ۔ سپریہ رکن پارلیمنٹ اور پوار کی دختر ہیں اور لوک سبھا میں ضلع پونے کے بارہ متی حلقہ کی نمائندگی کرتی ہیں۔ پوار نے گزشتہ ماہ دہلی میں مودی سے ملاقات کی تھی جبکہ مہاراشٹرا میں تشکیل حکومت کے سلسلے میں ڈرامائی تبدیلیاں پیش آرہی تھیں۔ مودی نے پوار کی ہمیشہ تعریف کی اور خصوصیت سے لحاظ رکھا کہ ریاستی الیکشن کی مہم کے دوران اُن کے خلاف کینہ پرور لفظی حملے نہ کئے جائیں ۔