مودی ’’پرائم ٹائم‘‘ وزیراعظم : راہول گاندھی

,

   

صدر کانگریس کے ریمارک پر بی جے پی چراغ پا
نئی دہلی ۔ 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی پلوامہ دہشت گرد حملے کی خبر موصول ہونے کے تین گھنٹے بعد بھی یک فلم کیلئے شوٹنگ جاری رکھی۔ راہول گاندھی نے ’’فوٹوشاپ سرکار‘‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ جاری کردہ اپنے ٹوئیٹر پیغام میں لکھا کہ ایک ایسے وقت جب تمام شہیدوں کے گھروں اور سارے ملک کے دل میں درد کا سمندر امڈ رہا تھا اور وزیراعظم مسکراتے ہوئے پانی میں فوٹوشاٹس میں مصروف رہے۔ راہول گاندھی نے ہندی میں لکھا کہ ’’پلوامہ دہش گرد حملے میں 40 جوانوں کی شہادت کی خبریں آنے کے تین گھنٹے بعد بھی وزیراعظم ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف رہے۔ کانگریس نے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مودی 14 فبروری کو کاربٹ نیشنل پارک میں تین گھنٹوں تک ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف رہے اور جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سی آر پی ایف پر حملے کے باوجود شام تک وہیں ٹھہرے رہے‘‘۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی اس روز پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاؤز میں شام 7 بجے تک چائے سموسوں کا مزہ اڑا رہے تھے جبکہ ہندوستان کے ہر گھر میں کھانا تک نہیں کھایا گیا تھا۔ وزیراعظم پر صدر کانگریس کے ریمارک کی بی جے پی نے مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ جب ساری دنیا پلوامہ دہشت گرد حملہ پر افسوس کا اظہار کررہی تھی کانگریس نے خاموشی اختیار کی تھی۔ بی جے پی کے ترجمان سمبت پترا نے کہاکہ چند سیاسی جماعتیں محض معمولی سیاسی مفاد کیلئے اس وقت ملک کے ساتھ نہیں ٹھہری جبکہ ساری دنیا ہندوستان کے ساتھ کھڑی تھی۔