مودی کو معافی مانگنی چاہئے راہول کو نہیں:کھرگے

,

   

کانگریس نے ہمیشہ ملک کا وقار بلند کیا ہے، مودی نے شہریوں کی بھی توہین کی
نئی دہلی : کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے نے کہا ہے کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بیرون ملک ہندوستانیوں کی عزت کو ٹھیس نہیں پہنچائی، بلکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایسا خود کیا ہے جس کے لئے انہیں ملک کے عوام سے معافی مانگنی چاہئے ۔ کھرگے نے جمعہ کو یہاں کہا کہ مودی نے امریکہ، جنوبی کوریا اور کئی دوسرے ممالک کے دوروں کے دوران ہندوستانیوں کی توہین کی ہے ، اس لئے مودی کو ملک سے معافی مانگنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ ملک کا وقار بلند کیا ہے ، اس لیے گاندھی کے معافی مانگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔کانگریس صدر نے کہاکہ مودی خود 6-7 ممالک میں گئے ہیں اور غیر ملکی سرزمین پر کہا ہے کہ ہندوستان کے لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہم نے کیا گناہ کیا کہ ہم ہندوستان میں پیدا ہوئے ،بیرون ملک جاکر ایسا کہنے والا شخص ہمیں غدار کہہ رہا ہے ۔ مودی نے ہندوستان کے شہریوں کی توہین کی ہے ، اس لئے آپ کو معافی مانگنی چاہئے ۔ گاندھی کے بارے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کے صدر جے پی نڈا کے ریمارکس کی سخت مذمت کرتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ جے پی نڈا نے جو کچھ کہا ہے ، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ مودی جی نے چین، امریکہ اور جنوبی کوریا جا کر ہندوستان کے شہریوں کی توہین کی ہے ۔ مودی کو اس کے لئے معافی مانگنی چاہئے ۔ ہمارے معافی مانگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کھرگے نے کہا کہ کانگریس نے آزادی کی جنگ لڑی ہے جبکہ بی جے پی کا اس میں کوئی رول نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے جدوجہد آزادی میں ایک ذرہ بھر بھی اپنا حصہ نہیں ڈالا وہی اصل غدار ہیں۔ انہوں نے کہا خطرناک حد تک بے روزگاری، کمر توڑ مہنگائی اور ’بیسٹ فرینڈ‘کے گھوٹالے کو چھپانے کے لیے بی جے پی یہ سب کر رہی ہے ، تاکہ ان سے عوام کی توجہ ہٹائی جاسکے ۔ راہول کو سچا محب وطن قرار دیتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ جو شخص جمہوریت کی بات کرتا ہے اور ملک کی خستہ حالی پر تشویش ظاہر کرتا ہے ، وہ غدار نہیں ہوسکتا۔ وہ ایک سچا محب وطن ہے ۔ اگر راہول گاندھی کو پارلیمنٹ میں بولنے کا موقع ملا تو ہم بی جے پی کے ان الزامات کا منہ توڑ جواب دیں گے ۔

جے پی نڈا کے بیان پر ملکارجن کھرگے برہم
نئی دہلی : کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے پارٹی لیڈر راہول گاندھی کو اینٹی نیشنل کہنے پر جمعہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جے پی نڈا کوآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی والے ملک دشمن ہیں، وہ اب دوسروں کو اینٹی نیشنل کہہ رہے ہیں۔کھڑگے نے آج یہاں کہا کہ بی جے پی صدر نے راہول گاندھی کو اینٹی نیشنل کہہ کرکانگریس پر حملہ کیا ہے ، جبکہ انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ ان کی پارٹی کا ملک کی آزادی میں کوئی حصہ نہیں رہا ہے ۔ وہ خود اینٹی نیشنل ہیں اور اب دوسروں کو اینٹی نیشنل کہہ رہے ہیں۔کانگریس صدر نے کہا، ”وہ خود پہلے سے ہی ملک مخالف ہیں۔ آزادی کے وقت بھی انہوں نے ملک کی آزادی کی تحریک میں حصہ نہیں لیا۔ جو خود اینٹی نیشنل ہیں وہ دوسروں کو اینٹی نیشنل کہہ رہے ہیں۔ کیونکہ ان کے پاس عوام کے مسائل کا کوئی جواب نہیں ہے ۔انہوں نے کہا، ”آج عوام مودی حکومت کی کرنی کا پھل بھگت رہے ہیں۔ ملک میں بے روزگاری اپنے عروج پر ہے اور مہنگائی آسمان چھو رہی ہے ، اس کا کوئی جواب نہیں۔ اڈانی کا معاملہ ہم سب کے سامنے آیا ہے ، آپ اس کا جواب کیوں نہیں دیتے ؟ اڈانی کو بچانے کے لیے حکومت ادھر ادھر کی باتیں کر رہی ہے ۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ حکومت دعوے تو بہت کرتی ہے لیکن سچائی یہ ہے کہ اس کی حکمرانی میں کام کچھ نہیں ہورہا ہے ۔