مولانا محمد رحیم الدین انصاری کا انتقال

,

   

حیدرآباد۔27۔ستمبر(سیاست نیوز) مولاناالحاج محمد رحیم الدین انصاری ناظم جامعہ اسلامیہ دارالعلوم وصدر یونائیٹڈ مسلم فورم تلنگانہ و آندھرا پردیش و رکن تاسیسی کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ کا طویل علالت کے بعد آج سہ پہر انتقال ہوگیا۔ان کی نماز جنازہ 28 ستمبر بروز چہارشنبہ بعد نماز ظہر جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد واقع شیورام پلی میں ادا کی جائے گی۔تدفین حسامیہ چمن مادننا پیٹ میں عمل میں آئے گی۔ مولانا رحیم الدین انصاری کے انتقال کی اطلاع کے ساتھ ہی ان کی قیام گاہ و اقع پنجہ شاہ پر محبان حضرت مولانا حمید الدین حسامی عاقل ؒ کے علاوہ مولانا رحیم الدین انصاری کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔ مولانا رحیم الدین انصاری ابتداء سے ہی متحرک اور ملی کاز کے لئے جدوجہد کرنے والوں میں شمار کئے جاتے تھے ‘ انہو ںنے مولانا عاقلؒ کی نگرانی میں مسلم متحدہ محاذ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا تھا اورحیدرآباد ریلیف کمیٹی کا تصور دینے والوں میں مولانا رحیم الدین انصاری کا شمار ہوتا ہے۔مولانا رحیم الدین انصاری کے رابطہ عالم اسلامی کے علاوہ دنیاکے بیشتر مسلم ممالک سے قریبی روابط رہے ہیں۔وہ ملک کی نمائندہ مسلم تنظیموں کل ہند مسلم مشاورت‘ ملی کونسل ‘ دینی مدارس بورڈ کے علاوہ دیگر تنظیموں سے بھی وابستہ رہے ہیں۔انہیں متحدہ ریاست آندھراپردیش کے آخری اور علحدہ ریاست تلنگانہ میں ریاستی اردو اکیڈیمی کے پہلے صدرنشین کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کا اعزاز حاصل رہا۔انتقال کی اطلاع کے ساتھ ہی سرکردہ سیاسی ‘ مذہبی ‘ ملی وسماجی قائدین کے علاوہ اہم شخصیات نے ان کے مکان پہنچ کر ان کے برادر نسبتی مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کے علاوہ مرحوم کے فرزندان سے ملاقات کرتے ہوئے پرسہ دیا۔