موٹر سائیکل پر رہزنی کرنے والی ٹولی گرفتار

   

سی سی کیمروں سے رہزنوں کی شناخت، ڈی سی پی ٹاسک فورس کا بیان
حیدرآباد ۔ /24 مارچ ( سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے پھر ایک مرتبہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے رہزنوں کی ایک ٹولی کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس پی رادھا کشن راؤ نے کہا کہ /18 مارچ کو علاقہ سکندرآباد میں ایک شخص سے تین نامعلوم موٹر سائیکل سوار رہزنوں نے موبائیل فون کا سرقہ کرلیا تھا ۔ پولیس مہانکالی نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کیا تھا اور ٹاسک فورس پولیس بھی رہزنوں کی گرفتاری کیلئے سرگرم ہوگئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ نارتھ زون ٹاسک فورس ٹیم نے سکندرآباد کے اطراف و اکناف علاقوں کے 250 سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا اور بعد ازاں ایک موٹر سائیکل کا پتہ لگاتے ہوئے اس کی مدد سے تین نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ۔ تفتیش کے دوران یہ معلوم ہوا کہ آندھراپردیش کے شہر وجئے واڑہ سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ جے ومشی ، 22 سالہ جے جان اور 19 سالہ پجاری یوسب نے انکشاف کیا کہ آسانی سے روپئے کمانے کی غرض سے وہ راہ چلتے افراد کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے موبائیل فون اڑالیا کرتے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ تین نوجوان 15 سال قبل اپنے ماں باپ کے ساتھ روزگار کیلئے حیدرآباد منتقل ہوئے تھے اور تکارام گیٹ کے علاقے امبیڈکر نگر میں مقیم تھے ۔ ایک ہی آبائی مقام سے تعلق رکھنے کے نتیجہ میں تینوں کے درمیان گہری دوستی تھی اور وہ ایک ہی موٹر سائیکل پر گھوما کرتے تھے ۔ گرفتار رہزن پرتعیش زندگی گزارنے کیلئے موبائیل فون کا سرقہ کرنے لگے اور علاقے مہانکالی اور گوپالاپورم میں چار افراد کو نشانہ بنایا تھا ۔ پولیس نے کہا کہ ومشی اور اس کے ساتھی ایک ہی گاڑی پر ٹرپل رائیڈنگ کرتے ہوئے عوام کو نشانہ بنارہے تھے ۔ گرفتاری کیلئے ٹاسک فورس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا اور اس کی بنیاد پر انہیں گرفتار کیا گیا ۔ گرفتار رہزنوں کے قبضے سے 4 مسروقہ موبائیل فون اور ایک موٹر سائیکل ضبط کرلی گئی ۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا ۔