مہاراشٹرا سکریٹریٹ کینٹین ویٹرس کی 13 جائیدادوں کیلئے 7000 درخواستیں، گریجویٹس کی اکثریت

,

   

ممبئی 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا سکریٹریٹ (منترالیہ) کے کینٹین میں ویٹر کی 13 مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتیوں کے لئے 7000 افراد نے درخواست داخل کی ہے۔ ان میں گریجویٹس کی اکثریت ہے۔ ایک سرکاری عہدیدار نے کہاکہ ان جائیدادوں پر بھرتیوں کے لئے حال ہی میں 100 نشانات پر مشتمل ایک تحریری امتحان منعقد کیا گیا تھا جس کے لئے اقل ترین تعلیمی قابلیت چوتھی جماعت (فورتھ کلاس) کامیاب مقرر کی گئی تھی۔ اس عہدیدار نے مزید کہاکہ ’امتحانات کا ضابطہ عمل 31 ڈسمبر کو مکمل ہوگیا اور فی الحال بھرتیوں کا عمل جاری ہے۔ 13 منتخب درخواستوں کے منجملہ آٹھ مرد اور ماباقی خواتین ہیں دیگر دو افراد ہنوز اپنے دستاویزات داخل نہیں کئے ہیں‘۔ منتخب درخواست گذاروں کی عمر 25 اور 27 سال کے درمیان سکریٹریٹ کینٹین کے ویٹروں کی حیثیت سے گریجویٹس کے امتحانات پر حکومت کی سخت مذمت کرتے ہوئے قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر دھننجے منڈے نے کہاکہ وزراء اور سکریٹریز (معتمدین) کو ان تعلیم یافتہ نوجوانوں سے خدمت کرواتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ بڑی بدبختی کی بات ہے کہ 13 جائیدادوں کے لئے 7000 درخواستیں موصول ہوئیں اور چوتھی کامیاب قابلیت کے اس جائیداد کے لئے گریجویٹس نے درخواست دی۔ دھننجے منڈے نے وزیراعظم سے ان کی میعاد میں دو کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کے دعوے پر بھی سوال اُٹھایا۔ قبل ازیں مہاراشٹرا میں ہی 852 جائیدادوں کے لئے 10.5 لاکھ افراد نے درخواست دی تھی۔ ریلویز میں 10,000 جائیدادوں کے لئے ایک کروڑ افراد نے درخواست دی تھی۔