مہاراشٹرا کو صدر راج کی سمت ڈھکیلا جارہا ہے

,

   

مودی اور امیت شاہ کے ذریعہ حکومت چلانے کی کوشش : این سی پی
ممبئی 8 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا میں حکومت سازی میں ہنوز پیشرفت نہ ہونے پر این سی پی نے آج الزام عائد کیا کہ بی جے پی ریاست کو صدر راج کی سمت ڈھکیل رہی ہے اور چاہتی ہے کہ ریاست میں وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امیت شاہ کے ذریعہ حکومت چلائی جائے ۔ این سی پی کے ترجمان نواب ملک نے کہا کہ ریاست کے عوام ریاست کی اس توہین کو برداشت نہیں کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ بتاتی ہے کہ ریاست نے کبھی دہلی کے تخت کے سامنے سر نہیں جھکایا ہے ۔ بی جے پی اسمبلی انتخابات میں واحد بڑی جماعت بن کر ابھری تھی اور اسے حکومت سازی کیلئے شیوسینا کی تائیددرکار ہے جس کے 56 ارکان اسمبلی ہیں۔ بی جے پی کو 105 انشستیں حاصل ہوئی تھیں۔ ابھی تک دونوں جماعتوں میں تشکیل حکومت پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے۔ دونوں جماعتیں اتحاد کے نام پر عوام سے رجوع ہوئی تھیں۔ نواب ملک نے ٹوئیٹ کیا کہ بی جے پی چاہتی ہے کہ مہاراشٹرا کو مودی اور امیت شاہ کے ذریعہ چلایا جائے اور ریاست کو صدر راج کی سمت ڈھکیلا جا رہا ہے ۔ ریاست کے عوام مہاراشٹرا کی اس توہین کو برداشت نہیں کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخ ہے کہ مہاراشٹرا نے کبھی دہلی کے تخت کے سامنے سر نہیں جھکایا ہے ۔